سی پیک نے گلگت بلتستان کیلئے نئے مواقع پیدا کیے ہیں، صدر آصف زرداری

گلگت:صدر  مملکت آصف علی زرداری نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کو ترقی ، انصاف اور برابری کی مثال بنانے کےلئے ہم سب کو اپنے اجتماعی عزم کا اعادہ کرنا چاہئے ،گلگت بلتستان میرا دوسرا گھر ہے، یہاں کے بہادر لوگوں نے اپنی مدد آپ کے تحت آزادی حاصل کی اور پاکستان کے ساتھ الحاق کیا۔


وہ  ہفتہ کو گلگت بلتستان کے 77ویں یومِ آزادی کے موقع پرآرمی ہیلی پیڈ گراؤنڈ گلگت میں منعقدہ  مرکزی تقریب  سے بطور مہمان خصوصی خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے جنگِ آزادی گلگت بلتستان کے شہداء کو شاندار الفاظ میں خراجِ عقیدت پیش کیا۔صدر مملکت نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے دورِ حکومت سے پاکستان پیپلز پارٹی نے گلگت بلتستان کو خصوصی اہمیت دی۔ بھٹو نے ایف سی آر ختم کیا، قانون ساز اسمبلی، گورنر اور وزیر اعلیٰ کا نظام متعارف کرایا۔ انہوں نے  کہا کہ گلگت بلتستان میں معدنیات اور سیاحت کے بے شمار مواقع موجود ہیں جن سے بھرپور استفادہ کرنے کی ضرورت ہے۔
سی پیک سے پاکستان اور چین کی دوستی مزید مضبوط  ہوئی ہے اور ترقی کے مزید  مواقع پیدا ہوئے ہیں۔صدر آصف علی زرداری نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ صحت اور تعلیم کو اپنی ترجیحات میں رکھا۔ انہوں نے بھارت کی پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ بھارت میں  جن  علاقوں میں  مسلمان  اکثریت  میں ہیں،  انہیں  اقلیت میں تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ 70 برسوں سے گلگت بلتستان کے عوام پاکستان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں۔ یہ خطہ نہ صرف ہمارے سر کا تاج ہے بلکہ چین کے ساتھ پاکستان کے زمینی رابطے کا ذریعہ بھی ہے جس سے ملک میں خوشحالی آئی ہے۔ صدر نے کہا کہ یکم نومبر نہ صرف گلگت بلتستان بلکہ پورے پاکستان کا یومِ آزادی ہے۔اس موقع پر  صدر  مملکت  آصف علی زرداری نے پریڈ کا معائنہ بھی کیا۔

اس سے قبل صدر  آصف علی زرداری  جب گلگت  ائیر پورٹ پہنچنے تو گورنر گلگت بلتستان سید مہدی شاہ اور وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے انہیں خوش آمدید کہا ۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ گلگت بلتستان گلبر خان نے جشنِ آزادی کی تقریب میں شرکت پر صدرِ مملکت آصف علی زرداری کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے 2009 میں گلگت بلتستان کو شناخت دی، جس پر عوام ہمیشہ شکر گزار رہیں گے۔ انہوں نے افواجِ پاکستان کے شہداء کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے فیلڈ مارشل جنرل سید عاصم منیر کی قیادت کو سراہا اور کہا کہ آپریشن بنیان المرصوص سے گلگت بلتستان کا وقار مزید بلند ہوا ہے۔تقریب میں تینوں ڈویژنوں کے ثقافتی فلوٹس پیش کیے گئے جنہیں شرکاء نے بھرپور داد دی۔ اس موقع پر کمانڈر ٹن کور لیفٹیننٹ جنرل احسن عامر نواز، فورس کمانڈر شمالی علاقہ جات میجر جنرل سید امتیاز گیلانی، دیگر اعلیٰ سول و عسکری حکام اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

Comments (0)
Add Comment