ڈاکٹر شوکت علی کا "گرین پاکستان” کے نام سے ملک گیر شجرکاری مہم شروع کرنے کا اعلان

لندن (اپنا وطن ) پاکستان مسلم لیگ (ق) برطانیہ کے جنرل سیکریٹری ، بانی و سرپرست اعلی چودھری شجاعت حسین لوورز فورم نےلندن برمنگھم میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے دورہ پاکستان سے واپسی پر خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ان کا دورہ پاکستان نہایت کامیاب رہا تاہم اس کامیابی کے تسلسل کو برقرار رکھنے کے لیے مزید عملی اقدامات ناگزیر ہیں، انہوں نے بتایا کہ بہت جلد گرین پاکستان کے نام سے ملک کو سرسبز و شاداب بنانے اور درختوں کی کٹائی کے منفی اثرات کو کم کرنے کے لیے ایک بھرپور شجرکاری مہم کا آغاز کیا جارہا ہے جس کا افتتاح پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی صدر چوہدری شجاعت حسین اپنے ہاتھوں سے اپنے گھر میں شجر کاری کا پودہ لگا کر شروعات کریں گے۔
ڈاکٹر شوکت علی شیخ کے مطابق یہ شجرکاری مہم تمام صوبوں سمیت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر تک پھیلائی جائے گی جہاں مختلف مقامات پر بڑی تعداد میں پودے لگائے جائیں گے، انہوں نے کہا کہ اس وقت پاکستان سمیت دنیا کے بیشتر ممالک ماحولیاتی آلودگی اور موسمیاتی تبدیلی جیسے سنگین چیلنجز کا سامنا کررہے ہیں اور ان مسائل سے نمٹنے کے لیے زیادہ سے زیادہ درخت لگانا وقت کی اہم ضرورت بن چکا ہے۔
ڈاکٹرشوکت علی شیخ نے ایک اہم نکتے
پر بات کرتے ہوئے کہا کہ اگر پاکستان کے 26 کروڑ عوام میں سے ہر فرد صرف دو پودے بھی لگائے تو یہ تعداد 52 کروڑ درختوں تک پہنچ جائے گی جس سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو نمایاں حد تک کم کیا جاسکتا ہے، انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان مسلم لیگ جہاں دیگر قومی مسائل پر اپنا واضح مئوقف رکھتی ہے وہیں ماحول کے تحفظ، خوشحالی کے فروغ اور بے دریغ درختوں کی کٹائی سے پیدا ہونے والے ماحولیاتی خطرات کے تدارک کے لیے بھی عملی اقدامات کررہی ہے ان شاء اللہ یہ شجرکاری مہم بہت جلد شروع کی جائے گی اور اسے پورے ملک میں وسعت دی جائے گی، گفتگو کے اختتام پر ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے مرکزی صدر چودھری شجاعت حسین کی جلد صحتیابی کے لیے دعا کی اور پاک افواج کی شاندار قربانیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔

 

Comments (0)
Add Comment