برمنگھم:پاکستان مسلم لیگ برطانیہ کے جنرل سیکریٹری اور بانی و سرپرست اعلی چودھری شجاعت حسین لوورز فورم ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور پاکستانی حکومت کی عالمی امن کے لیے کوششیں قابلِ تحسین ہیں۔
برطانیہ میں اپنی رہائش گاہ پر میڈیا کے نمائندوں سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے حالیہ ایران/ امریکہ،اسرائیل جنگ کے تناظر میں پاکستان کے مثبت اور اصولی مئوقف کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس تنازعے کے خاتمے کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششیں قابل قدر ہیں اور پاکستان اس معاملے میں ثالثی کے کردار کے ذریعے امن کے قیام میں اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔
ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ پاکستان شروع دن سے ہی دنیا میں امن کے فروغ کا خواہاں رہا ہے اور حالیہ اقدامات سے یہ ثابت ہوتا ہے کہ پاکستانی قوم ایک پرامن اور برداشت کرنے والی قوم ہے جو ہمیشہ رواداری اور بھائی چارے کے اصولوں پر یقین رکھتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی جانب سے امریکہ، اسرائیل اور ایران کے درمیان ثالثی اور میزبانی کی پیشکش ایک مثبت اور قابل قدر قدم ہے جس سے عالمی سطح پر پاکستان کے کردار کو مزید تقویت ملے گی، انہوں نے اس اہم نکتے کی جانب اشارہ کیا کہ وقت کی نزاکت اور موجودہ حالات کے تناظر میں ضروری ہوگیا ہے کہ امت مسلمہ اتحاد و اتفاق کا مظاہرہ کرے اور پاکستان کے موجودہ اقدامات کا فائدہ اٹھاتے ہوئے وسیع تر اسلامی بلاک قائم کرے کیونکہ امت مسلمہ کا اتحاد اس وقت کا سب اہم تقاضا ہے اور یہ موقع ہاتھ سے نہیں جانے دینا چائیے کیونکہ مسلم امہ کی بقاء ہی کا اتحاد و اتفاق ہی میں مضمر ہے۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ متعلقہ فریقین پاکستان کی اس مثبت کوشش کو سراہیں گے اور خطے میں امن کے قیام کے لیے اس موقع سے فائدہ اٹھائیں گے۔