پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، قوم افواج کے ساتھ کھڑی ہے،ڈاکٹر شوکت علی شیخ

لندن : سینئر رہنما پاکستان مسلم لیگ (ق) جنرل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ یوکے اور بانی وسرپرست اعلی چودھری شجاعت حسین لوورز  نے کہا ہے کہ مورلی بجانے والی قوم کو تنبیہ کرتا ہوں کہ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والے عناصر اپنی مذموم کارروائیوں سے باز رہیں کیونکہ پاکستان ایک مضبوط اور خودمختار ملک ہے اور اس کی بہادر مسلح افواج ہر قسم کے خطرات سے نمٹنے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہیں۔
اپنی رہائشگاہ لندن برطانیہ میں میڈیا سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ بھارت سمیت بعض عناصر بیرونی قوتوں کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف ناکام مہم جوئی کے منصوبے بنا رہے ہیں، انہوں نے کہا کہ انہیں بخوبی علم ہے کہ بھارت پاکستان کے خلاف مختلف سازشوں میں ملوث رہا ہے اور خطے میں کشیدگی پیدا کرنے کی کوشش کرتا رہا ہے، ایسے عناصر کو یہ بات اچھی طرح سمجھ لینی چاہیے کہ پاکستان اپنی سلامتی اور خودمختاری پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہیں کرے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ کچھ قوتیں اسرائیل کے متنازع وزیراعظم اور انسانی قصائی نیتن یاہو کے ساتھ مل کر پاکستان کے خلاف منفی سرگرمیوں میں ملوث ہونے کی کوشش کررہی ہیں مگر ایسی تمام کوششیں ناکام ہوں گی، ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ پاکستان کی بہادر افواج پیشہ ورانہ مہارت اور جدید دفاعی صلاحیتوں کے باعث دنیا کی بہترین افواج میں شمار ہوتی ہیں، اگر بھارت یا کوئی اور دشمن قوت پاکستان کے خلاف کسی قسم کی جارحیت یا مہم جوئی کی کوشش کرے گی تو اسے فوری اور سخت جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے گزشتہ سال 9مئی کے واقعات کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پوری دنیا نے دیکھا کہ جب ضرورت پڑی تو پاک فوج اور پاک فضائیہ نے دشمن کے خلاف بھرپور صلاحیت اور پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کیا، اس کارروائی نے واضح پیغام دیا کہ پاکستان کے دفاع پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جاسکتا اور دشمن کی کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی سالمیت اور خودمختاری پر کوئی آنچ نہیں آنے دی جائے گی، پاکستانی قوم اپنی بہادر مسلح افواج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور ملک کے دفاع کے لیے ہر قربانی دینے کو تیار ہے، جنرل سیکریٹری پاکستان مسلم لیگ یوکے ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے کہا کہ دشمن کو یہ بات ذہن نشین کرلینی چاہیے کہ پاکستان کے خلاف کسی بھی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور ملک کے دفاع کے لیے تمام تر وسائل بروئے کار لائے جائیں گے، آخر میں ڈاکٹرشوکت علی شیخ نے مرکزی صدر اور پاکستان میں وفاق کی علامت چودھری شجاعت حسین کی جلد صحتیابی کی دعا کی اور پاک افواج کی بہادری و عظیم قربانیوں کو شاندار خراج تحسین پیش کیا۔

Comments (0)
Add Comment