اسلام آباد: پاکستان مسلم لیگ کے سینئر نائب صدر اور وفاقی وزیر اوورسیز پاکستانیز چوہدری سالک حسین سے پارٹی کے سیکرٹری جنرل طارق حسن نے ملاقات کی، جس میں تنظیمی امور اور پارٹی کی مجموعی کارکردگی پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات کے دوران مسلم لیگ اسلام آباد کے جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر، عاطف مغل، اعظام چوہدری، نوجوان کشمیری مصنف چوہدری سعود سلطان ، اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔
اس موقع پر چوہدری جہانگیر نے چوہدری سالک حسین کو سید پور ویلج کے رہائشیوں کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
چوہدری سالک حسین نے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی کراتے ہوئے کہا کہ عوامی مسائل کا حل حکومت اور پارٹی کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقامی سطح پر عوام کو درپیش مشکلات کے ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں گے۔
ملاقات میں پارٹی رہنماؤں نے باہمی مشاورت سے تنظیمی معاملات کو مزید فعال بنانے اور عوامی رابطہ مہم کو تیز کرنے پر بھی اتفاق کیا۔