ملتان میں جہانگیر ترین کا تعلیمی اقدام، اے پی ایس سکول میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح

ملتان : جہانگیر خان ترین نے شہدائے اے پی ایس میموریل ماڈل ہائی سکول، ماڈل ٹاؤن میں جدید کمپیوٹر لیب کا افتتاح کر دیا۔ اس اقدام کا مقصد طلبہ کو جدید ٹیکنالوجی سے ہم آہنگ کرنا اور معیاری تعلیم تک رسائی کو فروغ دینا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے جہانگیر خان ترین نے کہا کہ غریب اور متوسط طبقے کے بچوں کو بھی جدید اور معیاری تعلیم حاصل کرنے کا اتنا ہی حق ہے جتنا کہ معاشی طور پر مستحکم طبقے کے بچوں کو حاصل ہے۔ انہوں نے کہا کہ نجی تعلیمی اداروں کی فیسیں بہت زیادہ ہیں اور عام آدمی کی پہنچ سے باہر ہیں، لہٰذا کم وسائل رکھنے والے بچوں کو سہولتیں فراہم کرنا حکومت اور مخیر حضرات کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وہ اگرچہ عملی سیاست سے الگ ہو چکے ہیں، تاہم اپنی تمام تر توجہ اور وسائل تعلیم، صحت اور سماجی خدمت کے شعبوں میں صرف کر رہے ہیں تاکہ معاشرے کے کمزور طبقات کو بہتر مواقع فراہم کیے جا سکیں۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کو بڑے ترقیاتی منصوبوں کے ساتھ ساتھ ایسے اقدامات کو بھی ترجیح دینی چاہیے جو براہِ راست کم وسائل والے بچوں کی تعلیمی بہتری میں معاون ثابت ہوں۔جہانگیر خان ترین نے مزید کہا کہ ہم نے خانیوال میں بھی 5 کمپیوٹر لیبز قائم کی ہیں اور ہمارے لیے یہ بات باعثِ افسوس تھی کہ جدید اور معیاری تعلیم کے حوالے سے جو مسائل دور دراز کے علاقوں میں ہیں، وہی مسائل لاہور کے طلبہ کو بھی درپیش ہیں۔ انہوں نے اس امر پر زور دیا کہ آج کے دور میں جدید آئی ٹی تعلیم کے بغیر ترقی ممکن نہیں اور نئی نسل کو ان علوم سے آراستہ کر کے ہی ملکی ترقی کو یقینی بنایا جا سکتا ہے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گروپ ڈائریکٹر فنانس، جے ڈی ڈبلیو شوگر ملز محمد رفیق نے کہا کہ جے ڈی ڈبلیو گروپ آف کمپنیز سماجی ترقی اور قومی خزانے میں ٹیکس کی ادائیگی، دونوں شعبوں میں نمایاں کردار ادا کر رہا ہے۔ انہوں نے طلبہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب طلبہ عملی زندگی میں کامیاب ہو جائیں تو انہیں اپنے سکولز کو نہیں بھولنا چاہیے اور اپنے تعلیمی اداروں کی ترقی کے لیے اپنا اثر و رسوخ اور مالی وسائل ضرور بروئے کار لانے چاہئیں۔چیف ایگزیکٹو آفیسر ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن اکبر خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ترین ایجوکیشن فاؤنڈیشن اڑھائی ارب روپے کی لاگت سے لودھراں میں ترین انسٹیٹیوٹ فار کمپیوٹر ایجوکیشن اینڈ ریسورسز (TICER) قائم کر رہی ہے۔ اس ادارے کے قیام سے نوجوانوں کو ایسی تعلیم فراہم کی جائے گی جو انہیں فوری اور باعزت روزگار کے حصول میں مدد دے گی۔اس موقع پر چیف ایگزیکٹو آفیسر ڈسٹرکٹ ایجوکیشن اتھارٹی، لاہور طارق محمود نے خطاب کرتے ہوئے بچوں کی تعلیم کے لیے جہانگیر خان ترین کی کاوشوں کو سراہا اور کہا کہ بچوں کو جدید تعلیم کی فراہمی میں یہ کمپیوٹر لیبز اہم کردار ادا کریں گی اور ہم ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے اپنی ذاتی وسائل سے کمپیوٹر لیب فراہم کی ہے.

Comments (0)
Add Comment