اسلام آبا د (نیوز ڈیسک)وفاقی وزیر توانائی اویس احمد خان لغاری نے کہا ہے کہ پاکستان کی سفارتی کوششوں کے مثبت نتائج سامنے آ رہے ہیں،
جن کے باعث خطے میں اہم پیش رفت ہوئی ہے اور عوام کو جلد ریلیف ملنے کی امید ہے۔سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان نے عالمی امن کے قیام میں فعال کردار ادا کیا ہے، جس میں وزیراعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کی کاوشیں نمایاں ہیں۔ ان کے مطابق ان اقدامات کے نتیجے میں لبنان میں جنگ بندی ممکن ہوئی جبکہ آبنائے ہرمز کو بھی تجارتی سرگرمیوں کے لیے کھول دیا گیا ہے۔وزیر توانائی کا کہنا تھا کہ ان پیش رفتوں کے باعث پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں جلد کمی متوقع ہے، جبکہ ایل این جی کی بہتر فراہمی سے ملک میں بجلی کی صورتحال بھی بہتر ہونے کا امکان ہے۔
یاد رہے کہ ایران اور امریکا کے درمیان جنگ بندی کے بعد مذاکراتی عمل جاری ہے، جس میں پاکستان ثالثی کا کردار ادا کر رہا ہے۔ اسی سلسلے میں اعلیٰ سطح کے پاکستانی وفود مختلف ممالک کے دوروں پر ہیں، جبکہ ایران کے وزیر خارجہ عباس عراقچی نے بھی آبنائے ہرمز کو محدود مدت کے لیے تجارتی آمدورفت کے لیے کھولنے کا اعلان کیا ہے۔ لبنان میں جنگ بندی کے بعد عوام کی جانب سے خوشی کا اظہار بھی کیا گیا ہے۔
پی این پی