ارشاد بھٹی نے اپنے اوپر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا

اداکارہ میرا کے انٹرویو سے متعلق ہونے والی تنقید پر صحافی ارشاد بھٹی کا ردعمل سامنے آگیا۔

یاد رہے کہ اداکارہ میرا اپنی آنے والی فلم ’’سائیکو‘‘ کی تشہیر کے لیے ارشاد بھٹی کے پوڈکاسٹ میں شریک ہوئی تھیں جہاں میزبان نے ان کی ذاتی زندگی، پرانی خبروں اور مختلف تنازعات کے حوالے سے سوالات شروع کردیے۔

ان سوالات میں مبینہ تعلقات، شادی سے متعلق افواہیں اور ایک اسپتال منصوبے کی مالی تفصیلات جیسے معاملات شامل تھے، جن پر میرا نے بار بار گفتگو کو اپنی فلم کی طرف موڑنے کی کوشش کی۔

انٹرویو کے دوران میرا نے واضح کیا کہ وہ اپنی فلم پر بات کرنا چاہتی ہیں اور ذاتی معاملات پر گفتگو نہیں کریں گی، تاہم سوالات کا سلسلہ جاری رہنے پر وہ خاموشی سے انٹرویو چھوڑ کر چلی گئیں۔

سوشل میڈیا پر اس واقعے کے بعد ارشاد بھٹی کو مختلف شخصیات کی جانب سے کڑی تنقید کا نشانہ بنایا گیا، تاہم اب انہوں نے خود پر ہونے والی تنقید کا جواب دے دیا ہے۔

ارشاد بھٹی نے اپنے وی لاگ میں بتایا کہ میرا کو پوڈکاسٹ میں بلانے کا فیصلہ کیا تو پتا چلا کہ وہ مفت میں انٹرویو نہیں دیتیں، پھر میں نے ایک میڈیا کمپنی سے رابطہ کیا جو فلم اسٹارز اور اداکاروں کے پیڈ پوڈکاسٹ انٹرویوز کا انتظام کرتی ہے۔ کمپنی کے ذریعے میرا سے ہماری بات چلی تو وہ ایک رقم کے عوض پوڈکاسٹ میں آنے پر رضامند ہوگئیں۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ میرا سے وہی سوالات کیے گئے جو ان کی سابقہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی سے متعلق پہلے بھی بارہا میڈیا میں زیرِ بحث رہ چکے ہیں۔ ان کے مطابق ان کا مقصد کوئی ذاتی حملہ نہیں تھا۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ سوال پوچھنا صحافت کا حصہ ہے اور اگر کسی کو اعتراض ہو تو وہ اس پر معذرت کرنے کو تیار ہیں، تاہم ان کا مؤقف ہے کہ انٹرویو میں کسی قسم کی بدتمیزی یا ذاتی حملہ نہیں کیا گیا۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ میرا کے انٹرویو کے بعد مجھ پر اُن لوگوں نے بھی تنقید کی جنہیں میں اپنا دوست اور خیرخواہ سمجھتا ہوں۔ اگر وہ سمجھتے ہیں کہ میں نے غلط کیا تو میں ان سے معذرت کرتا ہوں اور میرا صاحبہ بھی کہیں گی تو میں ان سے معذرت کرلوں گا۔

انہوں نے کہا کہ میرا کے اسکینڈلز پر میڈیا میں پہلے بھی بہت بات ہو چکی ہے، لیکن مجھ پر جس طرح تنقید ہوئی اس سے لگا کہ جیسے میں نے کوئی بہت بڑی زیادتی کر دی ہو۔ میرا انٹرویو چھوڑ کر چلی گئیں حالانکہ میں نے انہیں پیڈ کیا ہوا تھا۔

ارشاد بھٹی نے جذباتی انداز میں کہا کہ کیا مردوں کی اس معاشرے میں کوئی عزت نہیں؟ کیا مردوں کو ہراسمنٹ محسوس نہیں ہوتی، کیا سوال پوچھنا جرم ہے؟ ہم کیوں ہر سوال کو خاتون اور مرد کے خانے میں فٹ کر دیتے ہیں؟ کیا میرا سے یہ سوال پوچھنے بنتے نہیں تھے؟۔

ارشاد بھٹی نے کہا کہ اُن لوگوں نے بھی مجھ پر تنقید کی جو ماضی میں خود خواتین کی عزت اچھالتے رہے ہیں۔ لوگوں نے پوری پوڈکاسٹ دیکھی نہیں اور فتوے جاری کرنا شروع کر دیے۔ میرے لیے میرا قابلِ احترام ہیں اور میں ان کی عزت کرتا ہوں۔ اگر میرا صاحبہ کو میرے سوالات کا برا لگا ہے تو میں ان سے معذرت کر لوں گا۔



پی این پی

irshad bhatti clarification meera interview
Comments (0)
Add Comment