ننھے ولاگر شیراز اور مسکان کی والدہ نے بھی سوشل میڈیا پر انٹری کرلی اور ان کی بچوں کے ہمراہ پہلی یوٹیوب کی ویڈیو وائرل ہوگئی۔
محمد شیراز اور مسکان پاکستان کے مشہور کم عمر بہن بھائی اور ڈیجیٹل کریئیٹرز ہیں، جن کا تعلق گلگت بلتستان سے ہے۔
شیراز نے اپنے گاؤں کے وائرل وی لاگز کے ذریعے بہت کم وقت میں شہرت حاصل کی، جب کہ ان کی بہن مسکان بھی عوامی توجہ اور تعریف سمیٹنے میں کامیاب رہیں۔
شیراز نے مختصر عرصے میں سوشل میڈیا پر بڑی تعداد میں فالوورز حاصل کر لیے ہیں۔
اس وقت ’شیراز ولیج ولاگز‘ کے یوٹیوب پر 1.8 ملین سبسکرائبرز، انسٹاگرام پر 2.1 ملین، فیس بک پر 2.7 ملین اور ٹک ٹاک پر 495 ہزار فالوورز موجود ہیں جب کہ یہ ننھے یوٹیوبرز فلاحی کاموں کے ذریعے اپنی کمیونٹی کی مدد بھی کر رہے ہیں۔
حال ہی میں محمد شیراز کے والد نے پہلی بار اپنی اہلیہ کے ساتھ یوٹیوب پر ایک وی لاگ ریکارڈ کیا، جس میں انہوں نے مختصراً اپنی بیوی کے بارے میں بات کی اور ان کا انٹرویو بھی لیا۔
اپنے وی لاگ میں شراز کے والد محمد تقی نے کہا کہ ہماری شادی کو 8 سال ہو چکے ہیں، یہ مجھ سے عمر میں چھوٹی ہیں، تقریباً 25 سال کی ہیں اور دوسرے گاؤں سے تعلق رکھتی ہیں۔ اب یہ ہمارے سوالات کے جواب دیں گی۔
اس دوران ان کی والدہ نے کہا کہ میں اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتی ہوں کہ اس نے مجھے یہ نعمتیں عطا کیں اور میرے بچوں کو کامیابی دی جب کہ میرے بچوں کی کامیابی میرے شوہر کی محنت کی وجہ سے ہے۔
انہوں نے کہا کہ میں اپنے شوہر اور بچوں کی مزید کامیابی کے لیے دعا کرتی ہوں، آپ سب کا شکریہ کہ آپ ہماری فیملی سے محبت کرتے ہیں اور مسلسل سپورٹ کرتے ہیں، کیونکہ آپ ہی ان کی کامیابی کی وجہ ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ میں اپنے خاندان کا ساتھ دیتی ہوں کیونکہ مجھے معلوم ہے کہ میرے شوہر محبت کرنے والے، خیال رکھنے والے اور کمیونٹی کا احترام کرنے والے انسان ہیں۔
انہوں نے مزید بتایا کہ میں نے صرف آٹھویں جماعت تک تعلیم حاصل کی ہے جب کہ مسکان اور شیراز کی اچھی تربیت کا کریڈٹ میرے شوہر کو جاتا ہے، مجھے خوشی ہے کہ میرے بچے ہمارے گاؤں کی خوشحالی کا سبب بنے ہیں۔ اللہ ہر لڑکی کو میرے شوہر جیسا شوہر عطا کرے۔
پی این پی