اسلام آباد (نعیم اختر) پاکستان مسلم لیگ فیڈرل کیپٹل اسلام آباد کے وفد نے صدر رضوان صادق خان اور جنرل سیکرٹری چوہدری جہانگیر کی سربراہی میں سی ڈی اے یونین کے جنرل سیکرٹری چوہدری یاسین سے خصوصی ملاقات کی، جس میں باہمی دلچسپی کے امور اور مزدوروں کے مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
ملاقات میں اسد محمود (جنرل سیکرٹری ورکر ویلفیئر فاؤنڈیشن) اور مرزا سعید (تحصیلدار سی ڈی اے) بھی شریک ہوئے، جبکہ وفد میں سٹی صدر ملک عمران، یوتھ ونگ صدر زیشان خان، منیارٹی ونگ صدر شہباز نار، چوہدری شہباز، راشد اعوان اور راشد خٹک بھی شامل تھے۔
اس موقع پر لیبر یونین اور پاکستان مسلم لیگ کے اشتراک سے یکم مئی یوم مزدور کے موقع پر مشترکہ ریلی کے انعقاد پر مشاورت کی گئی۔ چوہدری یاسین نے اس اقدام پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ ہمیشہ سے چوہدری شجاعت حسین اور ان کی جماعت کے حامی رہے ہیں اور اس بار بھی یوم مزدور پاکستان مسلم لیگ کے ساتھ مل کر منایا جائے گا۔
صدر رضوان صادق خان نے بتایا کہ وفاقی وزیر چوہدری سالک حسین کو ریلی میں بطور مہمان خصوصی شرکت کی دعوت دی جائے گی۔
وفد کے رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پاکستان مسلم لیگ مزدوروں کی فلاح و بہبود، ترقی اور خوشحالی کے لیے ہمیشہ مزدور یونینز کے ساتھ کھڑی رہی ہے اور آئندہ بھی بھرپور تعاون جاری رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یوم مزدور کی ریلی مزدور طبقے سے یکجہتی کے اظہار کے لیے نکالی جائے گی جس میں پارٹی ورکرز بھرپور شرکت کریں گے۔