بیجنگ :چینی وزارتِ خارجہ کے ترجمان لین جیان نے معمول کی پریس کانفرنس میں جاپانی سیاست دانوں کے یاسوکونی شرائن کے دورے پر سخت ردعمل ظاہر کیا۔ منگل کے روز ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ نام نہاد یاسوکونی شرائن جاپانی عسکریت پسندی کے تحت جارحانہ جنگوں کا ایک علامتی اور روحانی مرکز رہا ہے اور درحقیقت یہ جنگی مجرموں سے منسوب مقام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی جانب سے اس شرائن سے متعلق حالیہ منفی اقدامات تاریخ اور انسانی ضمیر کی سنگین توہین ہیں۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہ اقدامات نہ صرف دوسری عالمی جنگ کے نتائج بلکہ جنگ کے بعد قائم عالمی نظام کو بھی چیلنج کرتے ہیں۔ چین نے اس پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے جاپان کے اس طرزِ عمل کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔