بیجنگ :کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے سیاسی بیورو نے قدرتی آفات کی روک تھام، تخفیف اور امدادی صلاحیت کو بہتر بنانے کے موضوع پر 25واں اجتماعی مطالعہ اجلاس منعقد کیا۔ اجلاس کی صدارت کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری شی جن پھنگ نے کی۔بدھ کے روز شی جن پھنگ نے زور دیا کہ اعلیٰ معیار کی ترقی اور اعلیٰ سطح کی سلامتی کے درمیان ہم آہنگی کے اسٹریٹجک تناظر میں قدرتی آفات سے نمٹنے کے کام کی اہمیت کو پوری طرح سمجھنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ قدرتی آفات کی پیشگی روک تھام اور مؤثر ردعمل کی صلاحیت کو مضبوط بنایا جائے تاکہ عوام کے جان و مال کا مؤثر تحفظ یقینی بنایا جا سکے۔انہوں نے کہا کہ آفات کے خطرات کو کم کرنے اور نقصانات میں کمی لانے کے لیے بنیادی توجہ پیشگی تیاری پر ہونی چاہیے۔ اس سلسلے میں "باٹم لائن سوچ” اور "انتہائی حالات کی تیاری” کو فروغ دیتے ہوئے بڑے پیمانے کی آفات سے نمٹنے کی صلاحیت کو مسلسل بہتر بنایا جائے۔شی جن پھنگ نے ہدایت کی کہ قدرتی آفات سے نمٹنے کے لیے سائنسی و تکنیکی معاونت اور قانونی تحفظ کو مضبوط کیا جائے، بنیادی سطح پر ہنگامی امدادی نظام کو بہتر بنایا جائے، ہنگامی مراکز اور سازوسامان کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے، اور اجتماعی نگرانی و تعاون کے نظام کو فعال بنایا جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ عوام میں آگاہی بڑھانے کے لیے سائنسی معلومات کی تشہیر کو فروغ دیا جائے تاکہ ہر شہری میں آفات سے بچاؤ اور خطرات سے نمٹنے کی صلاحیت میں اضافہ ہو سکے۔