عالمی چیمپئن شپ کیلیے بہتر آغاز چاہتے ہیں، ہیڈ کوچ سرفراز احمد

پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ اور سابق کپتان سرفراز احمد نے کہا ہے کہ بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں اچھے نتائج دینے کی کوشش کریں گے۔

نیشنل اسٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے قومی کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ سرفراز احمد کا کہنا تھا کہ عالمی چیمپئن شپ کے لیے بہتر آغاز چاہتے ہیں۔

سرفراز احمد کا کہنا تھا سینئر اور جونیئر کھلاڑیوں کا امتزاج اچھے نتائج فراہم کر سکتا ہے۔ ڈومیسٹک سطح پر بہترین کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں کو مواقع ملیں گے۔

انہوں نے بابر اعظم کے فارم میں واپس آنے کو خوش آئند قرار دیا۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لیے جاری کیمپ میں بھرپور تیاریاں ہو رہی ہیں۔

سرفراز احمد نے کہا کہ کرکٹ کھیل کر لطف اندوز ہوا، اب کوچنگ کے شعبے میں اپنی قومی ذمہ داری ادا کر رہا ہوں، اس وقت ریڈ بال ٹیم کے ساتھ منسلک ہوں، وائٹ بال ٹیم کی کوچنگ کا فیصلہ پی سی بی کرے گا، مائیک ہیسن اپنی ذمہ داری بخوبی انجام دے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ بطور قومی سلیکٹر ڈومیسٹک میں اچھی کارکردگی دکھانے والے کھلاڑیوں پر نظر رہی ہے، ٹیسٹ کپتان شان مسعود اچھی فارم میں ہیں، بابر اعظم ایک مستند بیٹر تسلیم کیے جاتے ہیں، وہ ایک طویل عرصے کے بعد فارم میں دوبارہ واپس آئے ہیں، یہ نہ صرف بابراعظم بلکہ پاکستان کے لیے بھی اچھا سکون ہے، بنگلادیش کے خلاف سیریز میں ان سے اچھی توقعات ہیں۔

ہیڈ کوچ کا کہنا تھا کہ مثبت سوچ کے ساتھ کوچنگ کر رہا ہوں،کھلاڑیوں سے ون ٹو ون ملاقات کر کے بہتری کے لیے تجاویز بھی دی ہیں، امید ہے کہ پاکستان بنگلادیش کے خلاف ٹیسٹ سیریز میں کامیابی سے ہمکنار ہوگا۔

سرفراز احمد نے کہا کہ بنگلہ دیش کی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہونے کے لیے کراچی میں کیمپ لگانے کا فیصلہ کیا گیا۔

واضح رہے کہ دور ہ بنگلادیش کے لیے پاکستان کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ نیشنل اسٹیڈیم کراچی کے حنیف محمد ریجنل ہائی پرفارمنس سینٹر پر جاری ہے۔

دو ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا تربیتی کیمپ 2 مئی تک جاری رہے گا، بعد ازاں اسی روز پاکستان کرکٹ ٹیم ڈھاکا روانہ ہو جائے گی۔

پی ایس ایل 11 میں شریک قومی ٹیم کے کھلاڑی اپنے متعلقہ فرنچائز کی مہم ختم ہونے کے بعد قومی ٹیم کا حصہ بن جائیں گے۔

سیریز کا پہلا ٹیسٹ 8 مئی سے میرپور کے شیر بنگلا نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا جبکہ دوسرا ٹیسٹ 16 مئی سے سلہٹ میں شروع ہو گا۔

دونوں میچز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ 2025–27 کا حصہ ہوں گے۔

پاکستان کے 16 رکنی اسکواڈ میں شان مسعود (کپتان)، امام الحق، بابر اعظم، سعود شکیل، محمد رضوان، محمد عباس، حسن علی، خرم شہزاد، ساجد خان، نعمان علی، غازی غوری، اذان اویس، سلمان علی آغا، شاہین شاہ آفریدی، عبداللہ فضل اور عماد بٹ شامل ہیں۔

غازی غوری، اذان اویس، عبداللہ فضل اور عماد بٹ پہلی مرتبہ پاکستان ٹیسٹ ٹیم کا حصہ بنے ہیں۔

سابق قومی کپتان سرفراز احمد ہیڈ کوچ، عمر گل بولنگ کوچ اور اسد شفیق بیٹنگ کوچ ہیں۔



پی این پی

Head coachPAKvBANSarfaraz AhmedWorld Test ChampionshipWTC
Comments (0)
Add Comment