وکیل سمیت 6 افراد کو جلانے کا مقدمہ؛ ایم کیو ایم کے سعید بھرم کی ضمانت منظور


کراچی:

وکیل سمیت 6 افراد کو جلانے کے مقدمے میں ایم کیو ایم کے سعید بھرم کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت میں سانحہ طاہر پلازہ کیس کی سماعت کے دوران ایم کیو ایم کے احمد سعید عرف سعید بھرم کی ضمانت منظور کر لی گئی۔ عدالت نے ملزم کو 3 لاکھ روپے کے مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا۔

سماعت کے دوران وکیل صفائی مشتاق احمد ایڈووکیٹ نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی نشاندہی کرنے والے دوسرے ملزم فیصل عرف منا کی بھی ضمانت ہو چکی ہے،ملزم طویل عرصے سے جیل میں ہے، اس کی ضمانت منظور کی جائے۔

انہوں نے عدالت کو بتایا کہ ملزم سعید بھرم کو عمران سعید کی گواہی پر چالان کیا گیا تھا اور عمران نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ اس نے سعید بھرم کے کہنے پر کارروائی کی۔ وکیل صفائی کے مطابق ملزم عمران کے بری ہونے کے بعد اس کی گواہی کی کوئی حیثیت باقی نہیں رہی۔

دوسری جانب وکیل سرکار مشتاق جہانگیری نے مؤقف اختیار کیا کہ ملزم کی ضمانت قابل سماعت نہیں ، اسے مسترد کیا جائے۔

پولیس کے مطابق سانحہ طاہر پلازہ کا مقدمہ رسالہ تھانے میں 2008 میں درج کیا گیا تھا، جس میں ملزمان پر الزام ہے کہ انہوں نے کیمیکل پھینک کر طاہر پلازہ میں ایک وکیل سمیت 6 افراد کو جلا دیا تھا۔



پی این پی

Karachisaeed bharamtahir plaza case
Comments (0)
Add Comment