یومِ مزدور کے موقع پر پاکستان مسلم لیگ کی ریلی، پریس کلب میں تقریب

 

یومِ مزدور کے موقع پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں پاکستان مسلم لیگ کے زیر اہتمام ایک ریلی جبکہ پریس کلب میں تقریب کا انعقاد کیا گیا۔ ریلی کی قیادت پارٹی کے چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد نے کی۔ ریلی سنٹرل سیکریٹریٹ سے شروع ہو کر پریس کلب اسلام آباد تک نکالی گئی۔ اس کا اہتمام صدر فیڈرل کیپیٹل رضوان صادق اور جنرل سیکرٹری چوہدری محمد جہانگیر نے کیا، جبکہ اس میں ایڈیشنل سیکرٹری جنرل ڈاکٹر رحیم اعوان، جوائنٹ سیکرٹری عاطف مغل، ملک عمران، عبدالباسط، زیشان خان، شہباز نار، چوہدری اشفاق اور نثار جنجوعہ سمیت کارکنان کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ بعد ازاں نیشنل پریس کلب میں مزدور یوین کے سیکرٹری چوہدری یسین کی زیرصدارت ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی ڈاکٹر محمد امجد تھے، تقریب میں صحافتی رہنما افضل بٹ اور پاکستان مسلم لیگ کے سنئیر رہنما بھی شریک تھے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر محمد امجد نے کہا کہ یکم مئی محنت کشوں کی جدوجہد اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کا دن ہے۔ محنت کش طبقہ قومی ترقی اور تعمیر کا بنیادی ستون ہے، مگر بدقسمتی سے ہمارے ہاں مزدور کی گزر بسر دن بدن مشکل ہوتی جا رہی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ یومِ مزدور صرف جشن منانے کا دن نہیں بلکہ تجدیدِ عہد کا موقع ہے، جس میں مزدوروں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنانے کا عزم کیا جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ کم از کم اجرت کو مہنگائی کے تناسب سے ہم آہنگ کرنا، سوشل سیکیورٹی اور صحت کی سہولیات کی فراہمی، قانونی تحفظ اور خواتین مزدوروں کے حقوق کا تحفظ وقت کی اہم ضرورت ہے۔ڈاکٹر محمد امجد نے چائلڈ لیبر کے خاتمے، ہنرمندی کی تربیت کے فروغ اور مزدور یونینز کو مضبوط بنانے پر بھی زور دیا، تاکہ مزدوروں کی آواز مؤثر انداز میں بلند ہو سکے اور ایک منصفانہ معاشرے کی تشکیل ممکن ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے قائد چوہدری شجاعت حسین نے ہمیشہ مزدور طبقے سے محبت کی اور ان کے لیے آسانیاں پیدا کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔

Comments (0)
Add Comment