سفیر پاکستان رضوان سعید شیخ نے امریکی کانگریس کی امور خارجہ کمیٹی کے چیئرمین برائن ماسٹ سے اہم ملاقات کی، جس میں دوطرفہ تعلقات اور عالمی و علاقائی امور پر تفصیلی گفتگو کی گئی۔
اپنے ٹوئٹ میں سفیر پاکستان نے چیئرمین کمیٹی برائے خارجہ امور برائن ماسٹ سے ملاقات پر خوشی کا اظہار کرتے ہوئے ملاقات کو مثبت پیش رفت قرار دیا۔ انہوں نے چیئرمین خارجہ اُمور کمیٹی کی جانب سے مشرق وسطیٰ اور عالمی امن کے فروغ کے لیے پاکستان کے کلیدی کردار کے اعتراف پر اُن کا شکریہ بھی ادا کیا۔
ملاقات کے دوران علاقائی اور عالمی صورتحال کے بارے میں وسیع البنیاد اور تعمیری تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر پاکستان کی جانب سے تنازعات کے حل کے ضمن میں مکالمے کے فروغ اور مثبت کردار جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔
فریقین نے ابھرتے ہوئے عالمی منظرنامے میں تاریخی اور نتیجہ خیز اہمیت کی حامل پاک امریکا شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے اور دوطرفہ تعاون کے فروغ کے حوالے سے امکانات اور لائحہِ عمل پر بھی غور کیا۔
پی این پی