اوورسیز پاکستانیوں کی فلاح حکومت کی اولین ترجیح ہے: گورنر پنجاب

لاہور: گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے پاکستان مسلم لیگ (ق) کے برطانیہ سے آئے وفد کی اہم ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل، ملکی سیاسی صورتحال اور باہمی دلچسپی کے امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا، جبکہ گورنر پنجاب نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ اور مسائل کے حل کے لیے سنجیدہ اقدامات کی یقین دہانی کرائی۔تفصیلات کے مطابق پاکستان مسلم لیگ (ق) برطانیہ کے جنرل سیکرٹری اور بانی و سرپرست اعلی چودھری شجاعت حسین لورز معروف سماجی و سیاسی شخصیت ڈاکٹر شوکت علی شیخ اور صدر پاکستان مسلم لیگ برمنگھم و نامزد صدر آزاد کشمیر چودھری محمد شفیق نے گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے ملاقات کی،

گورنر ہاوس میں ہونے والی ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال، علاقائی مسائل اور بالخصوص اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔

وفد نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی ملک کی معیشت میں کلیدی کردار ادا کررہے ہیں اور زرمبادلہ کی صورت میں ان کی خدمات ناقابل فراموش ہیں لہذا ان کے مسائل کا فوری اور مئوثر حل وقت کی اہم ضرورت ہے۔رہنماوں نے اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل، جن میں قانونی پیچیدگیاں، جائیداد کے تنازعات، سرمایہ کاری میں رکاوٹیں اور سرکاری اداروں کے ساتھ رابطوں میں مشکلات شامل ہیں، کو تفصیل سے اجاگر کیا۔اس موقع پر گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر نے وفد کی باتوں کو غور سے سنتے ہوئے یقین دہانی کرائی کہ اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے حکومت سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے اور ان کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا،

انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانی پاکستان کا قیمتی اثاثہ ہیں اور ان کی فلاح و بہبود حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔ملاقات میں اس امر پر بھی اتفاق کیا گیا کہ سیاسی استحکام، قومی یکجہتی اور عوامی خدمت کے جذبے کو فروغ دے کر ملک کو درپیش چیلنجز سے نکالا جاسکتا ہے، رہنماؤں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وہ عوامی خدمت، جمہوری روایات کے استحکام اور اوورسیز پاکستانیوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گے، آخر میں وفد نے گورنر پنجاب کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے نہایت خوش اسلوبی سے ان کے مسائل سنے اور ان کے حل کے لیے مثبت یقین دہانی کروائی ۔

Comments (0)
Add Comment