اسلام آباد(پی این پی): آزادی صحافت کے عالمی دن کے موقع پر ورلڈ پریس فریڈم ڈے کوئز جیتنے والوں کے نام کاباضابطہ اعلان کرتے ہوئےآزادی صحافت، میڈیا لٹریسی اور جمہوری معاشرے میں ذمہ دارانہ صحافت کی ضرورت پر زور دیا گیا ہے۔پریس نیٹ ورک آف پاکستان کے سربراہ صباح الدین قاضی نےاپنے بیان میں ورلڈ پریس فریڈم ڈے کوئز کے تمام فاتحین کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ مکمل جانچ پڑتال کے بعد ان بہترین شرکاء کو فاتح قرار دیا گیاہے جنہوں نے غیر معمولی علم، لگن اور میڈیا آگاہی کے فروغ کیلئے بھرپور وابستگی کا مظاہرہ کیا،یہ کوئز مقابلہ ورلڈ پریس فریڈم ڈے کے عالمی موضوع کے مطابق منعقد کیا گیا، جس میں شرکاءکی معلومات کو عالمی دن کی تاریخی اہمیت، یونیسکو کے کردار، آزادی صحافت کیلئے صحافیوں کی جدوجہد، آئین پاکستان کے آرٹیکل 19 اور 19-اے، پیمرا جیسے ریگولیٹری اداروں کے کردار، اور عالمی سطح پر میڈیا آزادی کے معیارات پر پرکھا گیا۔ ورلڈ پریس فریڈم کوئز کو اس انداز میں ڈیزائن کیا گیا تھا کہ شرکاء کو صحافت کے اہم پہلوؤں جیسے میڈیا قوانین، اخلاقی رپورٹنگ کے اصولوں اور پاکستان و دنیا بھر میں صحافیوں کو درپیش چیلنجز سے آگاہ کیا جا سکے۔اس کوئز کی ایک نمایاں خصوصیت طلبہ، صحافیوں اور ملک بھر کے عام شہریوں کی بھرپور شرکت تھی جنہوں نے بعدازاں سوشل میڈیا پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ انہیں ورلڈ پریس فریڈم کوئز میں حصہ لیکر میڈیا کی آزادی کی حقیقی اہمیت کا اندازہ ہوا۔کوئز منتظمین نے تمام شرکاء کی پرجوش شرکت کو سراہتے ہوئے امید ظاہر کی کہ مقابلے میں حصہ لینے والے معاشرے میں بامقصد مکالمے اور ذمہ دار میڈیا کے فروغ کیلئے اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ کوئز مقابلہ جیتنے والوں میں سحر صفدر (کراچی)، محمد انفَل (اسلام آباد)، سروش احمد (پشاور)، حافظ محمد ابوبکر (مظفرگڑھ)، اور اقصیٰ ملک (راولپنڈی) شامل ہیں۔