لاہور:پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی رہنما/صوبائی جنرل سیکرٹری پنجاب اور صوبائی وزیر پنجاب چودھری شافع حسین سے مسلم لیگ (ق) برطانیہ کے سینئر رہنما و جنرل سیکرٹری اور بانی و سرپرست اعلی چودھری شجاعت حسین لوورز ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے ان کے دفتر میں ون ٹو ون ملاقات کی، ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور، پارٹی معاملات اور اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مسائل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر ڈاکٹر شوکت علی شیخ نے چودھری شافع حسین کو ان کی سالگرہ کی مبارکباد پیش کی اور ان کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار کیا، ملاقات میں اوورسیز پاکستانیوں، خصوصا یورپ اور برطانیہ میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو درپیش مسائل پر خصوصی گفتگو ہوئی جبکہ آمدہ آزادکشمیر الیکشن پر بھی خصوصی بات چیت اور لائحہ عمل پر گفتگو ہوئی۔سینئر رہنما مختلف تنظیمی عہدوں پر تقرریوں اور نوٹیفکیشنز کے اجرا سے متعلق امور بھی زیر بحث لائے اور اس حوالے سے اپنی تجاویز پیش کیں، چودھری شافع حسین نے ڈاکٹر شوکت علی شیخ کی پارٹی کے لیے خدمات کو سراہتے ہوئے انہیں خراج تحسین پیش کیا، اس موقع پر انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ پاکستان مسلم لیگ اوورسیز پاکستانیوں کی حقیقی آواز بنے گی اور ان کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جائیں گے، چوہدری شافع حسین نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر برائے اوورسیز پاکستانیز چودھری سالک حسین پہلے ہی بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مسائل کے حل کے لیے متحرک ہیں اور انشاء اللہ درپیش مسائل جلد حل کیے جائیں گے جبکہ تنظیمی عہدوں کے نوٹیفکیشنز بھی جلد جاری کیے جائیں گے، عوامی و سماجی حلقوں اور مسلم لیگی کارکنان نے چودھری شافع حسین اور ڈاکٹرشوکت علی شیخ کے درمیان ہونے والی اس ون ٹو ون ملاقات کو انتہائی اہم قرار دیتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ اس ملاقات سے پارٹی کو مضبوط، فعال اور متحرک ہونے میں مدد ملے گی اور خصوصا یورپ میں مقیم اوورسیز پاکستانیوں کے مسائل کے حل میں مثبت پیش رفت سامنے آئے گی۔