ارجنٹائن کے عالمی شہرت یافتہ فٹبالر لیونل میسی نے ایک بار پھر امریکی فٹبال لیگ ایم ایل ایس میں سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کا اعزاز برقرار رکھا ہے جبکہ ان کی سالانہ تنخواہ میں بھی بڑا اضافہ کر دیا گیا ہے۔
غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق انٹر میامی کے اسٹار کھلاڑی لیونل میسی کی بنیادی سالانہ تنخواہ بڑھا کر 25 ملین ڈالر کر دی گئی ہے جبکہ بونس اور دیگر مراعات سمیت ان کی مجموعی آمدن 28.3 ملین ڈالر سالانہ تک پہنچ گئی ہے۔
رپورٹس کے مطابق میسی کی نئی تنخواہ لیگ کے دوسرے سب سے زیادہ معاوضہ لینے والے کھلاڑی کی تنخواہ کی دگنی سے بھی زیادہ ہے۔ سون ہیونگ من اس فہرست میں دوسرے نمبر پر موجود ہیں جنہیں تقریباً 11.2 ملین ڈالر سالانہ معاوضہ مل رہا ہے۔
ایم ایل ایس پلیئرز ایسوسی ایشن کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق میسی نے گزشتہ برس انٹر میامی کے ساتھ اپنے معاہدے میں توسیع کی تھی جس کے بعد وہ 2028 سیزن تک کلب کا حصہ رہیں گے۔
38 سالہ میسی 2023 میں انٹر میامی میں شامل ہوئے تھے اور تب سے لیگ کی مقبولیت اور مالی حیثیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا ہے۔ انہوں نے اب تک ایم ایل ایس میں 64 میچز کھیل کر 59 گول اسکور کیے ہیں جبکہ گزشتہ سیزن میں 29 گولز کے ساتھ لیگ کے بہترین کھلاڑی بھی قرار پائے تھے۔
پی این پی