پاکستان ویمنز ٹیم نے زمبابوے کے خلاف پہلا ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچ 153 رنز سے جیت لیا۔
نیشنل بینک اسٹیڈیم کراچی پر کھیلی جانے والی تین میچز کی سیریز کے پہلے مقابلے میں پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 5 وکٹوں کے نقصان پر 237رنز کا پہاڑ کھڑا کر دیا۔
عائشہ ظفر نے جارحانہ انداز میں ناقابل شکست سنچری اسکور کی۔
47 گیندوں پر 15 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے 102 رنز بنانے والی عائشہ ظفر نے اننگ کی آخری گیند پر چوکا لگا کر اپنی سنچری مکمل کی۔
کپتان فاطمہ ثنا 13 گیندوں پر 3 چوکوں کی مدد سے 21 رنز کے ساتھ ناٹ آؤٹ رہیں۔ عالیہ ریاض نے 23 گیندوں پر 4 چوکوں اور اتنے ہی چھکوں کی مدد سے 48 رنز کی عمدہ اننگ کھیلی۔
ون ڈے سیریز کی پلیئر آف دی میچ گل فیروزہ نے 19 گیندوں پر 37 رنز بنائے جن میں 8 چوکے بھی شامل تھے جبکہ نتالیہ پرویز 9، ڈیبیو کرنے والی سائرہ جبین 5 اور منیبہ علی 2 رنز کی مہمان رہیں۔
زمبابوے کی کپتان نو مویلو سبانڈا نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔
جواب میں زمبابوے کی ٹیم 18.2 اوورز میں 84 رنز پر ہمت ہار گئی۔ نتاشا نے 20 گیندوں پر 24 رنز کے ساتھ مزاحمت کی جبکہ بیلوڈ بیزا اور ایڈل نے10، 10 رنز اسکور کیے۔
زمبابوے کی 6 کھلاڑی صفر کی خفت کا شکار ہوئیں۔
کپتان فاطمہ ثنا نے محض 7 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ نتالیہ پرویز نے 3 رنز دے کر 2 وکٹیں اپنے نام کیں، سعدیہ اقبال نے 14 رنز دے کر 2 کھلاڑیوں کو چلتا کیا جبکہ رامین شمیم کو ایک وکٹ ملی۔
سیریز کا دوسرا میچ جمعرات کو کھیلا جائے گا۔
پی این پی