ماسکو (پی این پی )روس نے اپنے جدید ترین بین البراعظمی بیلسٹک میزائل سرمت کا کامیاب تجربہ کر لیا ہے،
جسے روسی صدر پیوٹن نے دنیا کا سب سے طاقتور جوہری میزائل قرار دیا ہے۔غیر ملکی خبر رساں ایجنسی کے مطابق روسی اسٹریٹیجک میزائل فورسز کے کمانڈر سرگئی کاراکائیف نے منگل کے روز صدر پیوٹن کو میزائل کے کامیاب تجربے سے متعلق بریفنگ دی۔صدر پیوٹن نے کہا کہ روس رواں سال کے اختتام تک سرمت میزائل کو باضابطہ طور پر اپنی فوجی سروس میں شامل کر لے گا۔ انہوں نے دعوی کیا کہ یہ جدید جوہری میزائل ہزاروں میل دور امریکا اور یورپ میں اہداف کو نشانہ بنانے کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ پیوٹن نے کہا کہ سرمت میزائل کے وارہیڈ کی طاقت مغربی ممالک کے کسی بھی مساوی نظام سے چار گنا زیادہ ہے جبکہ اس کی رینج 35 ہزار کلومیٹر سے زائد بتائی جا رہی ہے۔روسی صدر کے مطابق یہ میزائل موجودہ اور مستقبل کے جدید ترین میزائل دفاعی نظاموں کو بھی چکمہ دینے کی صلاحیت رکھتا ہے،
جس سے روس کی دفاعی اور اسٹریٹیجک طاقت میں نمایاں اضافہ ہوگا۔سرگئی کاراکائیف نے کہا کہ سرمت میزائل سسٹم سے لیس لانچرز کی تعیناتی روسی فوج کی جنگی صلاحیت کو مزید مضبوط کرے گی اور ملک کے اسٹریٹیجک دفاعی اہداف کے حصول میں اہم کردار ادا کرے گی۔
پی این پی