قومی کرکٹرز کے نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل کا امکان ہے۔
میڈیا ذرائع کے مطابق سینٹرل کنٹریکٹس کا موجودہ فنانشل ماڈل 30 جون کو ختم ہو جائے گا جبکہ نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت یکم جولائی سے شروع ہو گی۔
پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی فنانشل ماڈل کے مستقبل کے حوالے سے فیصلہ کریں گے۔
موجودہ فنانشل موڈل 2023 میں سابق چیئرمین پی سی بی ذکاء اشرف کے دور میں 3 برسوں کے لیے متعارف کرایا گیا تھا جسے موجودہ چیئرمین کے دور میں بھی تبدیل نہیں کیا گیا تاہم فٹنس اور پرفارمنس کی بنیاد پر کھلاڑیوں کی کیٹیگریز میں ردو بدل کیا جاتا رہا۔
اب یکم جولائی سے نئے سینٹرل کنٹریکٹس کی مدت شروع ہو گی اس سلسلے میں نئے سینٹرل کنٹریکٹس کے ناموں کے حوالے سے ابتدائی بات چیت جاری ہے۔
گزشتہ برس 30 کرکٹرز کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا گیا تھا پہلی مرتبہ اے کیٹیگری میں کوئی کرکٹر شامل نہیں تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے سینٹرل کنٹریکٹ میں بڑے پیمانے پر ردو بدل ہو گا، سینٹرل کنٹریکٹ میں موجود کئی کرکٹرز کی کیٹیگریز میں تنزلی اور ترقی ہو گی۔
ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ سینٹرل کنٹریکٹ میں محمد نواز، عبداللّٰہ شفیق، فہیم اشرف، حسین طلعت اور خوشدل شاہ کی شمولیت کا امکان کم ہے جبکہ اذان اویس اور عبداللّٰہ فضل سمیت ڈومیسٹک پرفارمرز کی شمولیت کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
پی این پی