ایکتا کپور کے ڈرامہ سیریل ’’ناگن‘‘ سے مشہور ہونے والی بالی ووڈ اداکارہ مونی رائے اور دبئی کے معروف بزنس مین سوراج نمبیار نے شادی کے چار سال بعد باہمی رضامندی سے علیحدگی کا اعلان کردیا ہے، جس کی تصدیق دونوں نے سوشل میڈیا پر ایک مشترکہ بیان کے ذریعے کی۔
اپنے بیان میں دونوں نے واضح کیا کہ وہ اس حساس مرحلے کو مکمل طور پر نجی اور باوقار انداز میں طے کرنا چاہتے ہیں، اور اس دوران میڈیا اور عوام سے ان کی پرائیویسی کا احترام کرنے کی اپیل بھی کی گئی ہے۔
مونی رائے اور سوراج نمبیار نے اپنے پیغام میں کہا کہ ان کے بارے میں مختلف ’’غلط کہانیاں اور من گھڑت بیانیے‘‘ گردش کررہے ہیں جو حقیقت کی عکاسی نہیں کرتے، لہٰذا قیاس آرائیوں سے گریز کیا جائے۔
جوڑے نے مزید کہا کہ انہوں نے سوچ سمجھ کر اپنی ذاتی زندگی کا جائزہ لینے کے بعد علیحدہ راستے اختیار کرنے کا فیصلہ کیا ہے، تاہم وہ باہمی احترام کو برقرار رکھتے ہوئے اس مرحلے سے گزرنا چاہتے ہیں۔
بیان میں یہ بھی کہا گیا کہ مستقبل میں وہ اپنی دوستی کو قائم رکھنے کی کوشش کریں گے، جبکہ مونی رائے نے اپنی پوسٹ میں مداحوں اور میڈیا سے جھوٹی خبریں نہ پھیلانے کی بھی درخواست کی۔
علیحدگی سے متعلق قیاس آرائیاں اس وقت شدت اختیار کرگئیں تھیں جب سوشل میڈیا پر دونوں کے درمیان دوری کی خبریں سامنے آئیں۔ دونوں نے ایک دوسرے کو انسٹاگرام پر اَن فالو کر دیا تھا، جبکہ مونی رائے کی جانب سے مشترکہ تصاویر کو آرکائیو یا ڈیلیٹ کرنے اور سوراج نمبیار کے اکاؤنٹ سے متعلق افواہوں نے ان خبروں کو مزید ہوا دی۔ اور اب بالآخر جوڑے نے اپنی علیحدگی کی تصدیق کردی ہے۔
پی این پی