زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم ناکامیوں کے بوجھ کے ساتھ خوشگوار یادیں لے کر واپس وطن روانہ ہوگئی۔
قومی ویمن کرکٹ ٹیم نے مہمان سائیڈ کو ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کے تینوں میچز میں شکست فاش دینے کے بعدویمن ٹی ٹونٹی انٹرنیشنل سیریز کے بھی تینوں میچز اپنے نام کیے تھے،دونوں سیریز کے دوران مہمان ٹیم نے بھرپور مقابلہ کیا جبکہ زمبابوے کی کھلاڑیوں نے پاکستان میں قیام کو خوشگوار قرار دیا۔
کراچی سے اپنی منزل کی جانب روانگی سے قبل کپتان نومویلو سبانڈا نے کہا کہ پاکستان میں ہمارے لیے سب کچھ بہت اچھا رہا، ہمیں یہاں کھیل کر خوشی ہوئی اور میں دوبارہ یہاں آ کر کھیلنا چاہوں گی۔
سیریز کے دوران تمام کھلاڑیوں نے کرکٹ کو خوب انجوائے کیا،پاکستان میں ہمیں بے حد محبت ملی اور ہم نے یہاں کے لذیذ کھانوں سے بھی لطف اٹھایا،سیریز کے انعقاد کے دوران سیکیورٹی انتظامات اور مہمان نوازی کو زمبابوے ٹیم نے سراہا۔
انہوں نے پاکستان کرکٹ بورڈ اور شائقینِ کرکٹ کا شکریہ ادا کیا،قبل ازیں دورہ پاکستان کے اختتام پر زمبابوے ویمن کرکٹ ٹیم کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب منعقد ہوئی، تقریب میں پی سی بی کی جانب سے قومی ویمن کرکٹرز اور آفیشلز نے مہمانوں کو تحائف پیش کیے گئے۔
زمبابوے ویمن ٹیم کی کھلاڑیوں اور آفیشلز نے دورہ پاکستان کے دوران بہترین میزبانی پر اظہار تشکر کیا ،انہوں نے قیام کے دوران بھرپور سہولیات فراہم کرنے اور سیکیورٹی کے شاندار انتظامات اور دیگر اقدامات پر متعلقہ اداروں کا شکریہ ادا کرتے ہوئےلذیذ پاکستانی کھانوں کی تعریف بھی کی۔
پی این پی