بھارتی ماڈل و اداکارہ شیفالی جریوالا کی مبینہ طور پر پراسرار موت سے متعلق پھیلنے والی افواہوں، خصوصاً کالے جادو کے الزامات پر ان کے شوہر پراگ تیاگی کا اہم بیان سامنے آیا ہے، جس نے ایک بار پھر اس معاملے کو بحث کا مرکز بنا دیا ہے۔
بھارتی میڈیا کو دیے گئے ایک حالیہ انٹرویو میں پراگ تیاگی نے اپنی اہلیہ کی موت کے حوالے سے کھل کر گفتگو کی، تاہم انہوں نے کسی بھی قسم کے براہِ راست الزام سے گریز کرتے ہوئے معاملے کو خدا کے سپرد کرنے کا موقف اختیار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ کچھ چیزیں ایسی تھیں جو انہیں شروع سے ہی غیر معمولی اور افسوسناک محسوس ہوئیں، لیکن وہ کسی پر الزام نہیں لگانا چاہتے۔
انٹرویو کے دوران جب ان سے یہ سوال کیا گیا کہ آیا انہوں نے واقعی کالے جادو کے امکان کا ذکر کیا تھا، تو پراگ تیاگی نے وضاحت کی کہ ان کے ذہن میں کچھ سوالات ضرور تھے، مگر وہ کسی حتمی نتیجے پر نہیں پہنچے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اور ان کی اہلیہ صحت کے حوالے سے انتہائی محتاط تھے اور باقاعدگی سے میڈیکل چیک اپ اور بلڈ ٹیسٹ کرواتے تھے۔
پراگ تیاگی نے مزید کہا کہ وقت گزرنے کے ساتھ انہیں محسوس ہوا کہ کچھ معاملات ان کی سمجھ سے باہر ہیں۔ ان کے مطابق 2021 سے 2024 کے درمیان انہوں نے مختلف پہلوؤں پر زیادہ غور کیا اور انہیں ذاتی طور پر یہ احساس ہوا کہ کچھ غیر فطری ضرور ہوا ہے، تاہم وہ اس بارے میں کوئی دعویٰ نہیں کرتے۔
View this post on Instagram
انہوں نے واضح کیا کہ وہ کسی فرد یا ادارے پر الزام عائد نہیں کر رہے اور مکمل طور پر خدا کی مرضی پر یقین رکھتے ہیں۔ پراگ تیاگی کے مطابق وہ ہر روز دعا کرتے ہیں اور سمجھتے ہیں کہ حقیقت وقت آنے پر خود سامنے آ جائے گی، اس لیے انہوں نے معاملہ خدا کے حوالے کر دیا ہے۔
گفتگو کے اختتام پر انہوں نے نوجوانوں کے طرزِ زندگی پر بھی تبصرہ کیا اور کہا کہ آج کا نوجوان یا تو حد سے زیادہ کام کے دباؤ میں ہے یا مختلف خواہشات اور سرگرمیوں میں خود کو کھو دیتا ہے، جو وقتی طور پر انسان کو اصل راستے سے دور کر سکتی ہیں۔
پی این پی