پاکستان میں دو اور تین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا آغاز

اسلام آباد(نمائندہ اپنا وطن)پاکستان میں الیکٹرک گاڑیوں کی صنعت کے فروغ کے لیے ایک بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے۔

ٹیکسلا ہیوی انڈسٹریز کی ذیلی کمپنی مارگلہ ہیوی انڈسٹریز لمٹیڈ نے پاکستان کی پہلی الیکٹرک بائیکس بنانے والی کمپنی جولٹا الیکٹرک پرائیویٹ لیمٹیڈ کے ساتھ دو اورتین پہیوں والی الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کے لیے مشترکہ منصوبے پر دستخط کر دیے ہیں۔

 

 

معاہدے پر جولٹا الیکٹرک کے چئیرمین ڈاکٹر محمدامجد اور مارگلہ ہیوی انڈسٹریز کے چیف ایگزیکٹیو آفیسر احسن ندیم نے دستخط کئے۔ اس موقع پر جولٹا الیکٹرک کے منیجنگ ڈائریکٹر شاہزیب امجد اور دیگر بھی موجود تھے۔

اس اشتراک کے تحت الیکٹرک بائیکس اورتین ویلرز کی تیاری کی جائے گی، جنہیں پاکستان بھر میں سرکاری اداروں، کارپوریٹ سیکٹر اور نجی صارفین کو فراہم کیا جائے گا۔ معاہدے کے تحت بین الاقوامی مارکیٹس میں بھی کاروباری مواقع تلاش کیے جائیں گے تاکہ پاکستانی الیکٹرک وہیکلز کو عالمی سطح پر متعارف کرایا جا سکے۔

مشترکہ منصوبے کے تحت جدید“سواپیبل بیٹری ایکو سسٹم”کی ترقی پر بھی کام کیا جائے گا، جس سے الیکٹرک گاڑیوں کے استعمال کو مزید آسان، کم خرچ اور ماحول دوست بنانے میں مدد ملے گی۔ اعلامیے کے مطابق دو اور تین ویلر الیکٹرک گاڑیوں کے کامیاب آغاز کے بعد یہ مشترکہ منصوبہ 4 ویلر الیکٹرک گاڑیوں کی تیاری کا بھی آغاز کرے گا، جو پاکستان میں الیکٹرک آٹو موبائل انڈسٹری کے لیے ایک اہم سنگِ میل ثابت ہوگا۔

Comments (0)
Add Comment