بڑھتی عمر کے مسئلے کو ہینڈل کیسے کریں؟ احسن خان کا اداکاروں کو مشورہ

پاکستانی اداکار احسن خان نے شوبز انڈسٹری میں بڑھتی عمر سے متعلق پائے جانے والے دباؤ پر کھل کر بات کرتے ہوئے فنکاروں کو اپنی عمر قبول کرنے اور ہر مرحلے کو اعتماد کے ساتھ جینے کا مشورہ دیا ہے۔

احسن خان، جو اپنی جاندار اداکاری اور ورسٹائل کرداروں کی وجہ سے مداحوں میں بے حد مقبول ہیں، حال ہی میں ایک انٹرویو میں زندگی، عمر اور شوبز انڈسٹری کے بدلتے رجحانات پر گفتگو کرتے نظر آئے۔

اداکار نے کہا کہ زندگی کا ہر دور اپنی الگ خوبصورتی اور کشش رکھتا ہے، اس لیے انسان کو ہر عمر کو خوش دلی سے قبول کرنا چاہیے۔ ان کے مطابق ہر مرحلے میں نئی چیزیں سیکھنے اور خود کو بہتر بنانے کے مواقع موجود ہوتے ہیں۔

احسن خان نے کہا کہ میڈیا میں اکثر ایک خاص عمر کو سب سے اہم یا خوبصورت بنا کر پیش کیا جاتا ہے، جیسے صرف جوانی ہی کامیابی کی علامت ہو، لیکن وہ اس سوچ سے اتفاق نہیں کرتے۔ ان کا کہنا تھا کہ انسان کو اپنی عمر پر فخر ہونا چاہیے کیونکہ صحت مند رہنا اور مسلسل کام کرتے رہنا خود ایک نعمت ہے۔

اداکار نے مزید کہا کہ اگرچہ انہیں ذاتی طور پر عمر کے حوالے سے زیادہ مشکلات کا سامنا نہیں کرنا پڑا، تاہم وہ سمجھتے ہیں کہ بعض فنکار اس دباؤ کو محسوس کرتے ہوں گے۔

انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ اداکار کے لیے صرف عمر اہم نہیں ہوتی بلکہ اس کی اداکاری، مقبولیت، ٹیلنٹ اور ناظرین میں پسندیدگی اصل اہمیت رکھتی ہے۔

احسن خان کے مطابق لوگ اچھے فنکاروں کو ہر عمر میں دیکھنا پسند کرتے ہیں، اس لیے فنکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنی زندگی کے ہر مرحلے سے لطف اٹھائیں، خود کو فِٹ رکھیں اور اپنی بہترین شخصیت دنیا کے سامنے لائیں۔
 

پی این پی

How to handle the problem of aging Ahsan Khan advice to actors
Comments (0)
Add Comment