اسلام۔آباد
پاکستان مسلم لیگ (ق) نے گلگت بلتستان انتخابات 2026 کے لیے اپنی انتخابی حکمت عملی کو حتمی شکل دے دی۔ اس سلسلے میں وفاقی وزیر اور پارٹی کے سنئیر نائب صدر چوہدری سالک حسین کی سربراہی میں ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں انتخابی معاملات، امیدواروں، سیاسی صورتحال اور آئندہ انتخابی مہم کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی۔
اجلاس میں صوبائی وزیر و سنئیر راہنماء چوہدری شافع حسین، مرکزی سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن، چیف آرگنائزر ڈاکٹر محمد امجد، رکن قومی اسمبلی مسز فرخ خان، مرکزی سیکرٹری اطلاعات غلام مصطفیٰ ملک، انیلہ ایاز اور کامران عثمانی نے شرکت کی۔
اس کے علاوہ صوبائی صدور انتخاب خان، ملک ثمین، نیاز خاصخیلی، رضوان صادق اور ڈاکٹر رفیع اللہ بھی اجلاس میں شریک ہوئے۔
صوبائی صدر گلگت بلتستان دلفراز خان نے اجلاس کو انتخابی مہم، تنظیمی سرگرمیوں اور موجودہ سیاسی صورتحال پر تفصیلی بریفنگ دی۔ انہوں نے بتایا کہ مسلم لیگ (ق) کے امیدوار بھرپور انداز میں انتخابی مہم چلا رہے ہیں اور عوام میں پارٹی کے منشور کو مثبت پذیرائی حاصل ہو رہی ہے۔
اجلاس کے دوران چوہدری سالک حسین نے مشاورت کے بعد گلگت بلتستان انتخابات کے لیے 5 رکنی اسٹیئرنگ کمیٹی قائم کرنے کا اعلان کیا۔ کمیٹی میں محمد طارق حسن، ڈاکٹر محمد امجد، غلام مصطفیٰ ملک، انیلہ ایاز اور کامران عثمانی کو شامل کیا گیا ہے۔
اجلاس میں گلگت بلتستان کے لیے “ترقی، استحکام، عوامی خدمت اور قومی یکجہتی” کو پاکستان مسلم لیگ (ق) کا مرکزی منشور قرار دیا گیا۔ اس موقع پر نوجوانوں کے روزگار، سیاحت کے فروغ، انفراسٹرکچر کی بہتری اور تعلیم کے شعبے پر خصوصی توجہ دینے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔
چوہدری سالک حسین نے کہا کہ گلگت بلتستان کی تعمیر و ترقی اور عوامی خوشحالی پاکستان مسلم لیگ (ق) کی اولین ترجیح ہے۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی نے صاف ستھرے کردار، عوامی خدمت کے جذبے اور علاقے کی ترقی کے وژن رکھنے والے امیدواروں کو ٹکٹ جاری کیے ہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلم لیگی امیدواروں کی کامیابی دراصل ملک دوست اور ترقی پسند قوتوں کی کامیابی ہو گی۔
مرکزی سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن نے کہا کہ چوہدری شجاعت حسین کی قیادت میں پاکستان مسلم لیگ (ق) گلگت بلتستان کی ترقی، استحکام اور عوامی خدمت کے سفر کو مزید آگے بڑھائے گی۔