حسن ابدال: کئی سالوں بعد شہری کو زمین واپس مل گئی، تحصیلدار چوہدری شفقت محمود کو خراجِ تحسین

 

حسن ابدال میں تحصیل انتظامیہ نے قبضہ مافیا کے خلاف مؤثر کارروائی کرتے ہوئے ایک شہری کو کئی سال بعد اس کی زمین واگزار کروا دی۔ متاثرہ شہری کی جانب سے تحصیلدار حسن ابدال چوہدری شفقت محمود کو شکایت درج کروائی گئی تھی، جس پر انہوں نے فوری نوٹس لیتے ہوئے کارروائی کی اور سائل کو اس کی زمین واپس دلوا دی۔

زمین واگزار ہونے پر شہری نے خوشی کا اظہار کرتے ہوئے تحصیلدار حسن ابدال چوہدری شفقت محمود کے دفتر پہنچ کر انہیں ہار پہنائے اور ان کی خدمات کو سراہتے ہوئے خراجِ تحسین پیش کیا۔ اس موقع پر شہریوں کی بڑی تعداد بھی موجود تھی، جنہوں نے قبضہ مافیا کے خلاف انتظامیہ کے اقدامات کو خوش آئند قرار دیا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے تحصیلدار حسن ابدال چوہدری شفقت محمود نے کہا کہ ان کے دفتر کے دروازے عوام کے لیے ہمیشہ کھلے ہیں اور وہ آئندہ بھی شہریوں کے مسائل کے فوری حل کے لیے اپنی ذمہ داریاں احسن انداز میں انجام دیتے رہیں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ تحصیل حسن ابدال میں قبضہ مافیا کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا اور غیر قانونی قبضوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔

انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کے ویژن کے مطابق حسن ابدال کو ایک ماڈل تحصیل بنایا جا رہا ہے، جبکہ کمشنر راولپنڈی اور ڈپٹی کمشنر اٹک کی سربراہی میں عوامی شکایات کے فوری ازالے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ انتظامیہ ایسا نظام متعارف کرا رہی ہے جس سے شہریوں کو شکایت درج کروانے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے اور عوام کو بروقت ریلیف فراہم ہو سکے۔

Comments (0)
Add Comment