بیجنگ:(چائنا ڈیسک) 1974 میں شی جن پھنگ نے لیانگ جیا حہ میں کمیونسٹ پارٹی آف چائنا میں شمولیت اختیار کی اور بعد ازاں گاؤں کے پارٹی سیکریٹری مقرر ہوئے۔ لیانگ جیا حہ میں سات برس کے دوران انہوں نے مقامی لوگوں کے لیے متعدد عملی اور فلاحی اقدامات کیے، جن سے دیہی باشندوں کی زندگی میں بہتری آئی۔ مارچ 1982 سے مئی 1985 تک شی جن پھنگ نے صوبہ حہ بے کی زینگ دینگ کاؤنٹی میں پارٹی کے ڈپٹی سیکریٹری اور پھر سیکریٹری کے طور پر خدمات انجام دیں۔ اس عرصے میں انہوں نے مقامی ترقی اور عوامی فلاح کے لیے بھرپور کوششیں کیں اور علاقے کے عوام کے ساتھ گہرا تعلق قائم کیا۔ یکم جولائی 2016 کو کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کے قیام کی 95 ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے شی جن پھنگ نے زور دیا کہ پارٹی کے ارکان اور سرکاری اہلکاروں کو "عوام کے لیے اپنی مخلصانہ وابستگی ہمیشہ برقرار رکھنی چاہیے”۔ یہ الفاظ ان کے سیاسی سفر اور طرزِ قیادت کی حقیقی عکاسی کرتے ہیں۔ لیانگ جیا حہ کے ایک دیہی پارٹی سیکریٹری سے لے کر کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی مرکزی کمیٹی کے جنرل سیکریٹری تک، شی جن پھنگ نے ہمیشہ عوام کو اپنی ترجیحات میں سب سے مقدم رکھا ہے اور "عوام کی خوشحالی” کے عہد کو عملی اقدامات کے ذریعے نبھانے کی کوشش کی ہے۔ شی جن پھنگ کی قیادت میں چین نے تقریباً 10 کروڑ افراد کو غربت سے نکالا، معتدل خوشحال معاشرے کی تعمیر مکمل کی اور دنیا کا سب سے بڑا تعلیمی ، سماجی تحفظ ، طب و صحت اور شہری رہائشی تحفظ کا نظام قائم کیا، جس کے نتیجے میں عوام کے معیارِ زندگی میں نمایاں بہتری آئی۔ پندرہویں پانچ سالہ منصوبے کے خاکے میں بھی عوامی فلاح و بہبود کو مرکزی اہمیت دی گئی ہے، جو عوامی مرکزیت پر مبنی ترقیاتی سوچ کی عکاسی کرتا ہے۔ شی جن پھنگ نے کہا تھا کہ” اتنے بڑے ملک کی ذمہ داریاں بہت بھاری اور کام انتہائی دشوار ہیں۔ میں اپنی ذات کے لیے نہیں بلکہ عوام کے لیے ہوں اور چین کی ترقی کے لیے خود کو وقف کرنے کے لیے تیار ہوں۔” انہوں نے یہ بھی کہا "عوام جو سوچتے ہیں، ہم بھی وہی سوچیں؛ عوام جو چاہتے ہیں، ہم اسے عملی شکل دیں، اور بہتر زندگی کی عوامی خواہشات کو مسلسل حقیقت کا روپ دیں ۔” شی جن پھنگ کے یہ الفاظ عوام کے ساتھ ان کی گہری وابستگی اور کمیونسٹ پارٹی آف چائنا کی عوامی خدمت کے عزم کی عکاسی کرتے ہیں، جس کی بنیاد عوامی فلاح، قومی ترقی اور بہتر مستقبل کی مشترکہ جدوجہد پر قائم ہے۔