فیفا ورلڈکپ: وی اے آر آفیشل کے متنازع اشارے سے متعلق فیفا نے فیصلہ سنادیا

فیفا کی جانب سے متنازع اشارہ کرنے والے وی اے آر آفیشل شان ایونز کو کلین چٹ دے دی گئی۔

برطانوی نشریاتی ادارے کی رپورٹ کے مطابق متنازع اشارہ کرنے والے ویڈیو اسسٹنٹ ریفری شان ایونز کو فیفا نے تحقیقات کے بعد مکمل طور پر کلیئر قرار دے دیا ہے۔

جرمنی اور کیوراساؤ کے درمیان میچ سے قبل عالمی نشریات کے دوران ڈیلاس میں قائم وی اے آر حب کی تصاویر دکھائی گئیں جہاں آسٹریلوی آفیشل شان ایونز کیمرے میں ایک الٹے ’او کے‘ طرز کے ہاتھ کے اشارے کے ساتھ نظر آئے۔

سوشل میڈیا پر اس اشارے کے ’سفید فام بالادستی سے منسلک علامت‘ سمیت مختلف معنی اخذ کیے گئے اور معاملے نے فوری طور پر بحث چھیڑ دی۔

فیفا کی جانب سے تحقیقات کے بعد یہ نتیجہ اخذ کیا گیا کہ ڈسپلنری کوڈ کی کسی بھی خلاف ورزی کا کوئی ثبوت نہیں ملا۔

شان ایونز نے وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس حرکت سے خود بھی لاعلم تھے اور یہ محض ایک غیر ارادی اور لاشعوری جنبش تھی۔

ان کے مطابق میچ کے دوران بنائی گئی دیگر ویڈیوز سے بھی ظاہر ہوتا ہے کہ وہ قلم پکڑتے ہوئے بار بار اسی نوعیت کی حرکات کر رہے تھے۔

38 سالہ آفیشل نے کہا کہ ورلڈ کپ میں فرائض انجام دینا ان کے کیریئر کا سب سے بڑا اعزاز ہے اور وہ ٹورنامنٹ کے باقی میچز میں بھی اپنے ساتھی ریفریز کی معاونت جاری رکھیں گے۔

تحقیقات مکمل ہونے کے بعد وہ آئندہ میچز کے لیے دستیاب رہیں گے۔



پی این پی

FIFAFIFA World CupVAR assistant
Comments (0)
Add Comment