گلگت: پاکستان مسلم لیگ گلگت بلتستان کا ایک غیر معمولی اجلاس صوبائی صدر دلفراز خان کی زیرِ صدارت منعقد ہوا، جس میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے تفصیلی مشاورت کی گئی اور پارٹی کی انتخابی حکمتِ عملی کو حتمی شکل دی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان مسلم لیگ گلگت بلتستان بھرپور انداز میں بلدیاتی انتخابات میں حصہ لے گی اور عوامی خدمت کے جذبے کے ساتھ مضبوط اور باصلاحیت امیدوار میدان میں اتارے جائیں گے۔
اس مقصد کے لیے ایک خصوصی الیکشن سیل قائم کیا گیا، جس کے اراکین میں نورالحب حق اللہ (دیامر ڈویژن)، کیپٹن (ر) محمد سکندر علی (بلتستان ڈویژن)، عابد حسین (نگر)، محمد سکندر (ہنزہ)، شیر عالم (غذر) اور عاصم خان (گلگت) شامل ہیں .الیکشن سیل مختلف اضلاع اور حلقوں میں پارٹی کارکنان، امیدواروں اور عوامی نمائندوں سے رابطے کرے گا، بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے کے خواہشمند امیدواروں سے درخواستیں وصول کرے گا اور صوبائی قیادت کو سفارشات پیش کرے گا۔
صوبائی صدر دلفراز خان نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ عوامی مسائل کے حل اور نچلی سطح پر مضبوط بلدیاتی نظام کے قیام پر یقین رکھتی ہے۔ انہوں نے کارکنان کو ہدایت کی کہ وہ بلدیاتی انتخابات کی تیاریوں میں بھرپور کردار ادا کریں اور عوام کے ساتھ روابط مزید مستحکم بنائیں۔اجلاس کے شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ پاکستان مسلم لیگ گلگت بلتستان کے عوام کی توقعات پر پورا اترتے ہوئے بلدیاتی انتخابات میں فعال اور مؤثر کردار ادا کرے گی