لاہور:
لاہور سمیت پنجاب بھر میں کل سے بارشوں کا نیا سسٹم داخل ہونے سے موسم خوشگوار ہونے کی توقع ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق گرمی، حبس کے مارے شہریوں کے لیے اچھی خبر ہے کہ گرد آلود ہواؤں اور بارش برسانے والا نیا سسٹم کل پاکستان میں داخل ہوگا۔
اس سسٹم کے داخل ہونے سے لاہور، پنجاب کے بیشتر اضلاع میں 3 روز تک کہیں ہلکی، کہیں تیز بارش کا امکان ہے۔ بارش، تیز ہواؤں سے گرمی، حبس کی شدت میں کمی ہوگی۔
ماہرین کے مطابق آج لاہور میں موسم ابر آلود رہے گا، تاہم بارش کے امکانات کم ہیں۔ شہر میں آج کم سے کم درجہ حرارت 27 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا، زیادہ سے زیادہ 40 ڈگری تک جانے کا امکان ہے۔
ممکنہ بارش کے پیش نظر ایم ڈی واسا غفران احمد نے الرٹ جاری کر دیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ممکنہ بارش کے دوران تمام آپریشنل اسٹاف فیلڈ میں نکاسِ آب کے لیے ڈیوٹیاں سرانجام دیں گے۔
دریں اثنا محکمہ موسمیات نے اس موسمی تبدیلی کے حوالے سے پیشگی انتظامات مکمل کرنے کی ہدایت بھی جاری کر دی ہے۔
پی این پی