حج و عمرہ فراڈ اور انسانی اسمگلنگ؛ 15 سال سے مفرور ریڈبک کا ملزم گرفتار

ایف آئی اے اینٹی ہیومن ٹریفکنگ سرکل کراچی نے ریڈ بک میں شامل انتہائی مطلوب اشتہاری ملزم شیخ محمد عبداللہ کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان کے مطابق ملزم شیخ محمد عبداللہ ولد شیخ ندیم حسین کو ایک اہم کارروائی کے دوران حراست میں لیا گیا۔ ملزم 2011 سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مطلوب تھا اور مسلسل مفرور چلا آ رہا تھا۔ ملزم انسانی اسمگلنگ، فراڈ اور مالیاتی جرائم کے متعدد مقدمات میں ایف آئی اے کو مطلوب تھا۔

تحقیقات کے دوران انکشاف ہوا کہ ملزم اپنے اہلِ خانہ کے ساتھ مل کر ایک منظم مجرمانہ نیٹ ورک چلا رہا تھا۔ ملزم اور اس کے ساتھی شہریوں کو حج و عمرہ پیکجز کے نام پر دھوکا دے کر لاکھوں روپے ہتھیاتے رہے، جعلی وعدوں اور فریب دہی کے ذریعے متاثرین سے بھاری رقوم وصول کی گئیں۔

مزید تحقیقات میں خواتین کے استحصال اور ان کی ذاتی دستاویزات کے غیر قانونی استعمال کے شواہد بھی سامنے آئے۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق ملزم خواتین سے حاصل کردہ دستاویزات اور معلومات کو کمپنیوں اور کاروباری اداروں کے قیام کے لیے استعمال کرتا رہا۔ یہ کمپنیاں مجرمانہ سرگرمیوں سے حاصل شدہ رقوم کی منتقلی، چھپانے اور مالیاتی جرائم میں سہولت کاری کے لیے استعمال کی جاتی رہیں۔

ملزم کی گرفتاری انسانی اسمگلنگ، فراڈ اور منظم مالیاتی جرائم کے خلاف ایف آئی اے کی ایک اہم کامیابی ہے۔ ملزم کے دیگر ساتھیوں، سہولت کاروں، مستفید ہونے والے افراد اور متاثرین کی نشاندہی کے لیے تحقیقات کا دائرہ وسیع کر دیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ ملزم شیخ محمد عبداللہ گزشتہ 15 سال سے قانون کی گرفت سے دُور تھا اور ریڈ بک میں انتہائی مطلوب اشتہاری کے طور پر نامزد تھا۔ ادارے مسلسل اس کی تلاش میں تھے تاکہ اسے انسانی اسمگلنگ اور مالیاتی جرائم کے سنگین مقدمات میں انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔



پی این پی

FIAhajj umra fraudhuman traficking
Comments (0)
Add Comment