ایران ،امریکہ معاہدہ پاکستان کی سفارتی میدان میں غیر معمولی کامیابی ہے ‘ ہمایوں اختر

صوبے میں شہروں ،دیہاتوں کی تفریق کے بغیر یکساںترقی کے مواقع مہیا ہونے چاہئیں' سابق وفاقی وزیر

لاہور(سٹاف رپورٹر )سابق وفاقی وزیر ہمایوں اختر خان نے کہا ہے کہ ایران اور امریکہ کے درمیان معاہدہ پاکستان کی سفارتی میدان میں غیر معمولی کامیابی ہے اور اسے تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا ،صوبے میں شہروں اور دیہاتوں کی تفریق کے بغیر یکساںترقی کے مواقع مہیا ہونے چاہئیں،کسان کے شانہ بشانہ کھڑے ہیں اور ان کی آواز کو متعلقہ پلیٹ فارمز تک پہنچائیں گے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوںنے حلقہ این اے 97 کے طویل دورے کے دوران علاقہ عمائدین ،کسانوںاور حلقے کے لوگوں سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔ہمایوں اختر خان نے لڈو چوک میں سیاسی دفتر میں بھی علاقہ عمائدین سے ملاقات کر کے حلقے کے مسائل اور ان کے حل پر تبادلہ خیال کیا ۔ سابق وفاقی وزیر این اے 97میں انتقال کر جانے والے افراد کے گھروں میں بھی گئے اور ورثاء سے اظہار تعزیت اور فاتحہ خوانی کی ۔ہمایوں اختر خان نے کہا کہ وعدہ کیا تھا کہ عوام ہمیں اپنے ساتھ کھڑا پائیں گے اور ہم آج بھی اپنے وعدے پر پہرہ دے رہے ہیں۔ ان شا اللہ عوام کے مسائل کے حل کے لیے ہر ممکن کردار ادا کرتے رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے سیاسی دفاتر کے دروازے عوام کے لئے ہر وقت کھلے ہیں اور ہم مایوس نہیں کریں گے ۔حلقے کی تعمیر و ترقی کے لیے اپنے وسائل بھی بروئے کار لا رہے ہیں تاکہ عوام کی محرومیوں کا ازالہ کیا جا سکے۔ این اے 97 کی ترقی، بنیادی سہولتوں کی فراہمی اور عوامی خدمت ہی ہماری سیاست کا محور ہے اور یہ سلسلہ بلا تعطل جاری رہے گا۔

Comments (0)
Add Comment