فیفا فٹبال ورلڈ کپ 2026 میں فرانس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے عراق کو 0-3 سے شکست دے کر ناک آؤٹ مرحلے کے لیے کوالیفائی کر لیا، جبکہ اسٹار فارورڈ کیلیان ایمباپے نے دو گول اسکور کرکے ٹیم کی کامیابی میں اہم کردار ادا کیا۔
فلاڈیلفیا اسٹیڈیم میں کھیلے گئے گروپ آئی کے میچ میں فرانس نے آغاز ہی سے کھیل پر اپنی گرفت مضبوط رکھی اور عراق کو زیادہ مواقع نہ دیے۔
میچ کا پہلا گول 14ویں منٹ میں آیا جب کیلیان ایمباپے نے ملنے والے موقع سے بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے گیند کو جال میں پہنچا دیا اور فرانس کو برتری دلا دی۔
عراقی ٹیم نے گول برابر کرنے کی متعدد کوششیں کیں، تاہم فرانسیسی دفاع اور گول کیپر نے انہیں کامیاب نہ ہونے دیا۔
پہلے ہاف کے دوران بارش شروع ہوگئی جو وقفے تک مزید شدت اختیار کر گئی۔ خراب موسمی حالات کے باعث دوسرے ہاف کا آغاز دو گھنٹے 15 منٹ کی تاخیر سے ممکن ہو سکا۔
کھیل دوبارہ شروع ہونے کے بعد ایمباپے ایک مرتبہ پھر چھا گئے اور 54ویں منٹ میں اپنا دوسرا گول اسکور کرکے فرانس کی برتری دگنی کر دی۔
یہ ورلڈ کپ مقابلوں میں ایمباپے کا مجموعی 16واں گول تھا، جس کے ساتھ انہوں نے جرمنی کے لیجنڈ اسٹرائیکر میروسلاو کلوزے کے ورلڈ کپ گولز کے ریکارڈ کی برابری کر لی۔
فرانس کی جانب سے تیسرا گول 66ویں منٹ میں عثمان ڈیمبیلے نے اسکور کیا، جس کے بعد عراق کی واپسی کی امیدیں بھی ختم ہو گئیں۔
میچ کے اختتام پر فرانس نے 0-3 سے کامیابی اپنے نام کی اور گروپ مرحلے میں مسلسل عمدہ کارکردگی کے بعد ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنا لی۔
دوسری جانب عراق کی ٹیم کو اگلے مرحلے تک رسائی کی امیدیں برقرار رکھنے کے لیے اپنے باقی میچوں میں بہتر نتائج درکار ہوں گے۔
پی این پی