لاہور(پی این پی )پاکستان موئے تھائی فیڈریشن کے سرپرستِ اعلیٰ یاسین جوئیہ نے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس اینڈ یوتھ افیئرز پنجاب، محمد طارق قریشی سے ایک اہم اور نتیجہ خیز ملاقات کی۔ملاقات کے دوران آئندہ منعقد ہونے والی 9ویں ڈویژنل پاکستان موئے تھائی چیمپئن شپ 2026 کے انتظامات اور تیاریوں پر تفصیلی تبادلۂ خیال کیا گیا۔دونوں رہنماؤں نے نوجوانوں کو کھیلوں کے ذریعے مثبت اور صحت مند سرگرمیوں کی جانب راغب کرنے اور صوبہ پنجاب میں موئے تھائی کے فروغ و ترقی کے لیے مشترکہ اقدامات پر بھی گفتگو کی۔اس موقع پر یاسین جوئیہ نے نوجوان کھلاڑیوں کو بااختیار بنانے، کھیلوں کے فروغ اور مضبوط اسپورٹس کلچر کے قیام کے لیے ڈائریکٹر جنرل اسپورٹس پنجاب کی بھرپور حمایت اور عزم کو سراہا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ باہمی تعاون کے ذریعے موئے تھائی کے کھیل کو مزید فروغ ملے گا اور نوجوانوں کے لیے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔