جنگلی جانوروں کے علاج اور ریسکیو کیلیے پاکستان کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک


لاہور:

پنجاب حکومت نے جنگلی جانوروں کے علاج اور ریسکیو کے لیے پاکستان کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک تیار کر لیا ہے، جس کا مقصد زخمی اور بیمار جنگلی جانوروں کو ان کی موجودہ جگہ پر طبی سہولیات فراہم کرنا ہے۔

لاہور سفاری زو میں موجود اس جدید موبائل کلینک میں پورٹیبل ایکسرے، ڈوپلر الٹراساؤنڈ، ای سی جی، وائٹل مانیٹر، آکسیجن کنسنٹریٹر، لیبارٹری سہولیات اور معمولی سرجری کے لیے درکار جدید آلات نصب کیے گئے ہیں۔

کلینک میں جانوروں کے خون اور دیگر نمونوں کے ابتدائی ٹیسٹ بھی موقع پر کیے جا سکیں گے۔

ڈائریکٹر ویٹرنری سروسز ڈاکٹر رضوان خان نے ایکسپریس نیوز سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ جنگلی جانوروں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کرنا ہمیشہ ممکن نہیں ہوتا کیونکہ منتقلی کے دوران انہیں شدید ذہنی دباؤ کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

اسی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ موبائل کلینک تیار کیا گیا ہے تاکہ جانوروں کا معائنہ، تشخیص اور ابتدائی علاج موقع پر ہی کیا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ کلینک میں موجود بیشتر طبی آلات پورٹیبل اور ری چارج ایبل ہیں، جنہیں دور دراز علاقوں، صحراؤں اور پہاڑی مقامات پر بھی استعمال کیا جا سکتا ہے۔

بجلی کی فراہمی کے لیے گاڑی میں سولر سسٹم اور جنریٹر بھی نصب کیا گیا ہے۔

ڈاکٹر رضوان خان کے مطابق موبائل کلینک میں جدید ڈارٹ گن بھی موجود ہے، جس کے ذریعے ضرورت پڑنے پر جنگلی جانوروں کو محفوظ فاصلے سے دوا دی جا سکتی ہے یا بے ہوش کیا جا سکتا ہے۔

اس کے علاوہ پورٹیبل ایکسرے اور الٹراساؤنڈ مشینوں کی مدد سے جانوروں کی فوری تشخیص ممکن ہوگی۔

انہوں نے بتایا کہ یہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا موبائل وائلڈ لائف کلینک ہے اور اسے پنجاب بھر کے چڑیا گھروں، سفاری پارکس، جنگلی حیات کے مراکز اور ریسکیو آپریشنز میں استعمال کیا جائے گا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ موبائل کلینک کے ساتھ جدید وائلڈ لائف ریسکیو سینٹر اور سٹیٹ آف دی آرٹ وائلڈ لائف اسپتال بھی قائم کیا گیا ہے، جہاں زخمی یا بیمار جانوروں کو منتقل کرکے جدید طبی سہولیات اور سرجری کی خدمات فراہم کی جا رہی ہیں۔

اسپتال میں متعدد جانوروں کا کامیاب علاج اور آپریشن بھی کیا جا چکا ہے۔

محکمہ جنگلی حیات کے حکام کا کہنا ہے کہ اس منصوبے سے زخمی، بیمار اور ریسکیو کیے گئے جانوروں کی بروقت تشخیص اور علاج میں نمایاں بہتری آئے گی جبکہ جانوروں کی اموات میں کمی لانے میں بھی مدد ملے گی۔



پی این پی

mobile clinicwildlife
Comments (0)
Add Comment