بیجنگ :چین کے صدر شی جن پھنگ نے بیجنگ کے عظیم عوامی ہال میں کمبوڈیا کی پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور سینیٹ کے صدر ہن سین سے ملاقات کی۔جمعہ کے روز شی جن پھنگ نے کہا کہ چین کمبوڈیا کی قومی خودمختاری ، سلامتی کے تحفظ اور اپنے قومی حالات کے مطابق ترقی کی راہ پر گامزن ہونے میں کمبوڈیا کی بھرپور حمایت کرتا ہے۔ چین کمبوڈیا کے ساتھ چین-کمبوڈیا ہم نصیب معاشرے کی تعمیر کوآگے بڑھانے کے لیے تیار ہے۔ شی جن پھنگ نے اس بات پر زور دیا کہ موجودہ بین الاقوامی اور علاقائی صورتحال پیچیدہ اور گہری تبدیلیوں سے گزر رہی ہے۔ چین اور کمبوڈیا کو علاقائی امن اور ترقی میں مزید استحکام فراہم کرنے میں مل کر کام کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ سب سے پہلے، ہمیں اسٹریٹجک باہمی اعتماد کی بنیاد کو مضبوط کرنا ہوگا۔ دوسرا، ہمیں ترقی اور احیاء کے راستے پر مستحکم انداز میں آگے بڑھنا چاہیے ۔ تیسرا، ہمیں اپنے اپنے ممالک کے طویل مدتی امن اور استحکام کا تحفظ کرنا چاہیے۔ چوتھا، ہمیں اسٹریٹجک تعاون کا ایک ماڈل بنانا چاہیے۔ ہن سین نے کہا کہ کمبوڈیا نے ہمیشہ چین کے ساتھ دوستانہ تعلقات برقرار رکھے ہیں، ایک چین کے اصول پر مضبوطی سے عمل کیا ہے اور چین کی طرف سے مکمل قومی وحدت کی تکمیل کے لیے کی جانے والی تمام کوششوں کی بھرپور حمایت کی ہے۔ کمبوڈیا چین کے ساتھ معیشت، سلامتی، دفاع اور افرادی و ثقافتی تبادلے کے شعبوں میں تعاون کو مزید گہرا کرنے کے لیے تیار ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیلی کام فراڈ کا خاتمہ کرنا کمبوڈیا کی موجودہ ترجیح ہے۔انہوں نے کہا کہ کمبوڈیا صدر شی جن پھنگ کے تجویز کردہ چار گلوبل انیشی ایٹوز کو عملی جامہ پہنانے اور علاقائی و عالمی امن اور خوشحالی کے لیے مثبت کردار ادا کرنے کی خاطر چین کے ساتھ مل کر کام کرنے کو تیار ہے۔