مراکش نے نیدرلینڈز کو پنالٹی شوٹ آؤٹ پر 2-3 سے شکست دے کر پری کوارٹر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔
مونٹیری میں کھیلے گئے سنسنی خیز فیفا ورلڈکپ مقابلے کے بیشتر حصے میں مراکش نے شاندار کھیل پیش کیا اور کئی خطرناک حملے کیے لیکن ڈچ گول کیپر بارٹ وربروگن نے عمدہ کارکردگی سے نیدرلینڈز کو مسلسل بچائے رکھا۔
پہلے ہاف میں مقابلہ بغیر کسی گول کے برابر رہنے کے بعد نیدرلینڈز نے 72ویں منٹ میں تیز رفتار جوابی حملے پر برتری حاصل کی جب لیورپول کے فارورڈ کوڈی خاکپو نے طاقتور شاٹ کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔
خاکپو نے حال ہی میں اپنے پیدا نہ ہوسکنے والے بچے کی المناک موت کے باوجود ٹیم کے ساتھ رہنے کا فیصلہ کیا تھا۔
جب ایسا محسوس ہونے لگا کہ نیدرلینڈز کامیابی حاصل کر لے گا تو اضافی وقت کے آغاز میں عیسیٰ دیوپ نے شاندار ہیڈر کے ذریعے گول کرکے مقابلہ برابر کردیا اور مقابلہ ایکسٹرا ٹائم میں چلا گیا۔
اضافی وقت میں دونوں ٹیموں کو مواقع ملے مگر کوئی بھی فیصلہ کن گول نہ کر سکا جس کے بعد فاتح کا فیصلہ پنالٹی شوٹ آؤٹ پر ہوا۔
نیدرلینڈز کے تین کھلاڑی اپنی ککس ضائع کر بیٹھے جبکہ مراکش کی جانب سے اسماعیل صیباری نے فیصلہ کن پنالٹی اسکور کر کے اپنی ٹیم کو 2-3 سے تاریخی فتح دلا دی۔
پی این پی