لاہور:
وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایت پر مشیر وزیراعلیٰ ذیشان ملک اعلیٰ حکام کے ہمراہ سانحۂ کاہنہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کے گھر پہنچے جہاں انہوں نے سوگوار خاندانوں سے تعزیت کی، ان کے دکھ میں شریک ہوئے اور وزیراعلیٰ کا خصوصی پیغام پہنچایا۔
غم و اندوہ سے بھرپور ماحول میں ذیشان ملک نے متاثرہ خاندانوں کو دلاسہ دیتے ہوئے کہا کہ حکومت پنجاب اس مشکل گھڑی میں انہیں تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز سانحۂ کاہنہ پر انتہائی رنجیدہ ہیں اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن مدد کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
بعد ازاں ذیشان ملک نے سانحہ میں جاں بحق ہونے والے معصوم بچوں کی نمازِ جنازہ میں بھی شرکت کی جہاں آہوں، سسکیوں اور سوگ کی فضا میں بچوں کو سپردِ خاک کیا گیا۔
نمازِ جنازہ میں سینکڑوں شہریوں نے شرکت کی جبکہ لواحقین غم سے نڈھال دکھائی دیے اور ہر آنکھ اشکبار تھی۔
اس موقع پر ذیشان ملک نے لواحقین سے ملاقات کرتے ہوئے دلی ہمدردی کا اظہار کیا اور انہیں صبر و استقامت کی تلقین کی۔
انہوں نے کہا کہ یہ ایک انتہائی دردناک سانحہ ہے اس رنج و غم کو الفاظ میں بیان نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت متاثرہ خاندانوں کے ساتھ کھڑی ہے اور انہیں ہر ممکن سہولت اور تعاون فراہم کیا جائے گا۔”
ذیشان ملک نے مرحوم بچوں کے درجات کی بلندی، مغفرت اور اہل خانہ کے لیے صبرِ جمیل کی دعا بھی کی۔
پی این پی