نیویارک کے سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں پاکستانی فوڈ مصنوعات کی دھوم

پاکستان نے 28 سے 30 جون 2026 تک نیویارک میں منعقد ہونے والی شمالی امریکا کی سب سے بڑی خصوصی غذائی مصنوعات کی تجارتی نمائش سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں شرکت کی۔ اس بین الاقوامی نمائش میں دنیا بھر سے ہزاروں خریدار، درآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز، ریٹیلرز اور فوڈ انڈسٹری سے وابستہ ماہرین شریک ہوئے۔

نیویارک کے سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں پاکستانی فوڈ مصنوعات کی دھوم

ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان (TDAP) کی جانب سے نیویارک میں پاکستانی قونصل خانے کے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ سیکشن نے پاکستان پویلین کا اہتمام کیا، جہاں پاکستان کی 10 معروف فوڈ ایکسپورٹ کمپنیوں نے اپنی مصنوعات کی نمائش کی۔ ان مصنوعات میں اعلیٰ معیار کا چاول، مصالحہ جات، ہمالیائی گلابی نمک، فروزن فوڈز، مشروبات، جوسز اور دیگر ویلیو ایڈڈ غذائی مصنوعات شامل تھیں۔

نیویارک کے سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں پاکستانی فوڈ مصنوعات کی دھوم

نیویارک میں پاکستان کے قونصل جنرل عامر احمد اتوزئی نے ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر عدنان اعوان کے ہمراہ پاکستان پویلین کا دورہ کیا اور نمائش میں شریک پاکستانی کمپنیوں کے نمائندوں سے ملاقات کی۔ اس موقع پر قونصل جنرل نے عالمی منڈیوں میں اعلیٰ معیار کی پاکستانی غذائی مصنوعات کے فروغ کے لیے پاکستانی کمپنیوں کی کوششوں کو سراہا اور اس بات پر زور دیا کہ عالمی سطح پر معروف تجارتی نمائشوں میں شرکت پاکستان کی برآمدات کے فروغ کے لیے نہایت اہم ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے قونصل جنرل نے کہا کہ امریکہ پاکستانی غذائی مصنوعات کی برآمدات کے لیے ایک اہم منڈی ہے، جبکہ سمر فینسی فوڈ شو جیسے عالمی ایونٹس تجارتی روابط کو مضبوط بنانے، پاکستانی برانڈز کی بین الاقوامی شناخت بڑھانے اور نئے کاروباری شراکت دار تلاش کرنے کے قیمتی مواقع فراہم کرتے ہیں۔

نیویارک کے سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں پاکستانی فوڈ مصنوعات کی دھوم

ٹریڈ اینڈ انویسٹمنٹ کاؤنسلر عدنان اعوان نے کہا کہ پاکستان کی شرکت کا مقصد موجودہ ایتھنک فوڈ مارکیٹ میں ملک کی موجودگی کو مزید مستحکم کرنے کے ساتھ ساتھ امریکی مرکزی ریٹیل مارکیٹ میں پاکستانی مصنوعات کی رسائی کو بھی بڑھانا ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ اس نمائش میں شرکت سے پاکستانی کمپنیوں کو نئی برآمدی مواقع حاصل ہوں گے اور اہم کاروباری روابط قائم کرنے میں مدد ملے گی۔

 

https://www.facebook.com/share/p/18uem9xERL/

 

نمائش کے پہلے ہی روز پاکستان پویلین نے بین الاقوامی خریداروں، درآمد کنندگان، ڈسٹری بیوٹرز اور دیگر شرکاء کی بھرپور توجہ حاصل کی، جو پاکستان کی معیاری اور متنوع غذائی مصنوعات کی بڑھتی ہوئی عالمی پذیرائی کا مظہر ہے۔

سمر فینسی فوڈ شو 2026 میں پاکستان کی شرکت اس عزم کا اظہار ہے کہ ملک برآمدات کے فروغ، نئی منڈیوں تک رسائی اور پاکستانی برانڈز اور مصنوعات کی عالمی سطح پر شناخت کو مزید مضبوط بنانے کے لیے اپنی کوششیں جاری رکھے گا۔

Comments (0)
Add Comment