کراچی:
سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے کہا ہے کہ وطن کے دفاع میں جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا اور غازی پوری قوم کا فخر ہیں۔
اپنے بیان میں سینئر صوبائی وزیر نے کہا کہ شہدا اور غازیوں کی قربانیوں کو معمولی قرار دینا افسوسناک امر ہے۔ افواج پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ، سرحدوں کے دفاع اور قومی سلامتی کے تحفظ کے لیے بے مثال قربانیاں دی ہیں۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی مسلح افواج کی قربانیوں کا احترام ہر پاکستانی کی قومی اور اخلاقی ذمہ داری ہے۔ شہدا کے اہلِ خانہ کی قربانیوں کو نظرانداز کرنا یا ان پر غیر ذمہ دارانہ تبصرے کرنا قابلِ قبول نہیں۔ جمہوریت میں اختلافِ رائے کا سب کو حق ہے، شہداء کے خلاف ہرزہ سرائی قومی یکجہتی کے مفاد میں نہیں۔
شرجیل میمن کا کہنا تھا کہ سیاسی اختلافات کو قومی سلامتی اور وطن کے دفاع سے وابستہ اداروں کے احترام سے الگ رکھنا چاہیے۔ سیاسی و سماجی حلقے ایسی زبان سے گریز کریں جو قومی اداروں اور شہداء کے لواحقین کے جذبات کو ٹھیس پہنچائے۔
پی این پی