ایران میں لاپتا 12 نوجوانوں کا معاملہ، ایف آئی اے نے تحقیقات تیز کر دیں

اسلام آباد (نیوز ڈیسک)وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی اے) نے ایران میں مبینہ طور پر لاپتا ہونے والے 12 پاکستانی نوجوانوں کے معاملے کی باقاعدہ تحقیقات کا آغاز کر دیا ہے۔

اس سلسلے میں انسدادِ انسانی اسمگلنگ سرکل لاہور نے مقدمہ درج کرکے خصوصی تحقیقاتی ٹیم بھی تشکیل دے دی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق ایف آئی اے نے واقعے میں ملوث مبینہ ایجنٹ کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں تیز کر دی ہیں، جبکہ بیرونِ ملک متعلقہ حکام سے بھی رابطے کیے جا رہے ہیں تاکہ لاپتا نوجوانوں کا سراغ لگایا جا سکے۔ ادارے کا کہنا ہے کہ متاثرہ افراد کی بازیابی کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے۔اطلاعات کے مطابق لاپتا ہونے والے 12 نوجوانوں میں سے 7 کا تعلق لاہور کے علاقے جلو موڑ کے قریب واقع پسین گاؤں سے ہے۔

ان میں تین کزن، دلشاد، اسامہ اور وقاص بھی شامل ہیں، جن کے اہلِ خانہ شدید تشویش میں مبتلا ہیں۔متاثرہ خاندانوں کے مطابق عامر نامی ایک ایجنٹ لاکھوں روپے وصول کرنے کے بعد نوجوانوں کو بیرونِ ملک لے گیا تھا۔ اہلِ خانہ کا کہنا ہے کہ ایران پہنچنے کے بعد نوجوانوں نے آخری مرتبہ اپنے گھروں سے رابطہ کیا، تاہم اس کے بعد سے ان کا کوئی سراغ نہیں مل سکا اور رابطہ مکمل طور پر منقطع ہے۔

پی این پی