اسلام آباد (نیوز ڈیسک)ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکہ نے اس کے اہم تنصیبات پر حملے جاری رکھے تو اس کا جواب پورے خطے کے بنیادی ڈھانچے کو نشانہ بنا کر دیا جائے گا۔
ایرانی فوج کے خاتم الانبیاء ہیڈکوارٹرز کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی امریکی کارروائی کے سنگین نتائج برآمد ہوں گے۔
ایرانی حکام کے مطابق اگر ملک کے اہم انفراسٹرکچر، خصوصاً بجلی گھروں یا دیگر بنیادی تنصیبات کو نقصان پہنچایا گیا تو خطے میں موجود حساس تنصیبات بھی محفوظ نہیں رہیں گی۔ بیان میں دعویٰ کیا گیا کہ جوابی کارروائی اس قدر شدید ہوگی کہ متاثرہ انفراسٹرکچر مکمل طور پر تباہ ہو سکتا ہے۔
ایرانی عسکری قیادت نے مزید کہا کہ امریکی کارروائیاں جاری رہیں تو موجودہ تنازع مزید وسیع ہو سکتا ہے اور اس کے اثرات پورے خطے تک پھیل سکتے ہیں۔
دوسری جانب خبر رساں ادارے رائٹرز نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران نے یمن میں موجود حوثی گروپ کو ممکنہ پیش رفت کے لیے الرٹ رہنے کی ہدایت دی ہے۔ رپورٹ کے مطابق انہیں یہ پیغام دیا گیا ہے کہ اگر ایران کے بجلی گھروں کو نشانہ بنایا گیا تو باب المندب اور بحیرۂ احمر میں بحری سرگرمیوں کو متاثر کرنے کے اقدامات کیے جا سکتے ہیں۔
رپورٹ میں مزید کہا گیا ہے کہ ایرانی ہدایات کے بعد حوثیوں نے ساحلی علاقوں میں میزائل اور ڈرونز کی تعیناتی بھی شروع کر دی ہے، تاہم ان دعوؤں کی آزاد ذرائع سے باضابطہ تصدیق نہیں ہو سکی۔
پی این پی