کراچی کے مختلف علاقوں میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران 3 ڈاکو ہلاک

ایس آئی یو اور اے  وی ایل سی کی پولیس پارٹیوں نے سپرہائی وے اور شہید ملت روڈ پر مبینہ مقابلوں میں 3 ڈاکوؤں کو ہلاک کر کے اسلحہ، آلٹو کار اور دیگر مسروقہ سامان برآمد کر لیا۔

تفصیلات کے مطابق اسپیشل انویسٹی گیشن یونٹ کی پولیس پارٹی نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب سہراب گوٹھ تھانے کی حدود سپر ہائی وے انصاف اسپتال کوئٹہ ٹاؤن گیٹ کے قریب سے مبینہ پولیس مقابلے میں 2 ڈاکوؤں کو ہلاک کر دیا، مارے جانے والے ڈاکو کی لاشیں چھیپا ایمبولینسوں کے ذریعے جناح اسپتال منتقل کی گئیں۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق مارے جانے والے ڈاکوؤں کی شناخت 26 سالہ سعید محمد ولد سید مورو اور 23 سالہ شیر خان ولد محراب خان کے ناموں سے کی گئی۔

ہلاک ہونے والے ڈاکوؤں سے دو پستول مع گولیاں، موبائل فونز اور کیش رقم برآمد کی گئی، مارے جانے والے ڈاکو کی لاشیں قانونی کارروائی کے بعد سردخانے منتقل کر دی گئیں۔

اینٹی وہیکل لفٹنگ سیل کی پولیس پارٹی نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب فیروزآباد تھانے کی حدود شہید ملت روڈ سے متصل سروس روڈ جانب جیل چورنگی گرین بیلٹ پر قائم نرسری کے سامنے مبینہ مقابلے میں ایک ڈاکو کو ہلاک کر دیا، مارے جانے والے ڈاکو کی لاش سول اسپتال منتقل کی گئی۔

ترجمان اے وی ایل سی کے مطابق مارے جانے والے ڈاکو کی شناخت 32 سالہ ثاقب ولد آصف منور کے نام سے کی گئی، مارے جانے والے ڈاکو کا ایک ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگیا، گرفتار ڈاکو سے ایک سوزوکی آلٹو کار، موبائل فون اور کیش رقم برآمد کی گئی۔

سکھن پولیس نے جمعرات اور جمعہ کی درمیانی شب لانڈھی بھینس کالونی روڈ نمبر 12 سے مبینہ مقابلے کے بعد ایک ڈاکو کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا، زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کو طبی امداد کے لیے جناح اسپتال منتقل کیا گیا۔

ترجمان کراچی پولیس کے مطابق زخمی حالت میں گرفتار ڈاکو کی شناخت پہلوان عرف قاری عرف سائیں کے نام سے کی گئی، گرفتار ڈاکو کی 3 ساتھی موقع سے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ گرفتار ڈاکو سے پستول مع گولیاں، موبائل فون، کیش رقم اور موٹرسائیکل برآمد کی گئی۔

پی این پی

Karachipolice encountersrobbers killed
Comments (0)
Add Comment