فیفا ورلڈ کپ 2026 کا ٹائٹل جیتنے والی اسپین کی قومی فٹبال ٹیم وطن واپس پہنچ گئی، جہاں کھلاڑیوں اور آفیشلز کا شاندار استقبال کیا گیا۔
ورلڈ کپ فائنل میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو شکست دے کر دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے والی اسپینش ٹیم کا خصوصی طیارہ اسپین کے دارالحکومت میڈرڈ پہنچا۔
طیارے سے سب سے پہلے ٹیم کے کپتان روڈری ہاتھوں میں ورلڈ کپ ٹرافی اٹھائے باہر آئے جن کے چہرے پر تاریخی کامیابی کی خوشی نمایاں تھی۔
اس موقع پر اسپین کے ہیڈ کوچ لوئس ڈی لا فوئنٹے اور اسپینش فٹبال فیڈریشن کے صدر رافیل لوزان بھی ٹیم کے ہمراہ موجود تھے۔
ورلڈ کپ جیتنے والی ٹیم کے استقبال کے لیے شائقین کی بڑی تعداد ایئرپورٹ پر موجود تھی جنہوں نے کھلاڑیوں کا پرتپاک خیرمقدم کیا اور ان کے حق میں نعرے لگائے۔
واضح رہے کہ گزشتہ روز نیویارک، نیو جرسی اسٹیڈیم میں کھیلے گئے فیفا ورلڈ کپ 2026 کے فائنل میں اسپین نے اضافی وقت میں دفاعی چیمپئن ارجنٹینا کو 1-0 سے شکست دے کر 2010 کے بعد دوسری مرتبہ عالمی چیمپئن بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
اس تاریخی فتح کے ساتھ اسپین نے آئندہ چار برس کے لیے دنیائے فٹبال پر اپنی حکمرانی قائم کر دی۔
پی این پی