الیکشن کمیشن آزاد کشمیر کا انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر سخت کارروائی کا انتباہ


مظفرآباد:

آزاد جموں و کشمیر الیکشن کمیشن نے شفاف انتخابات کے انعقاد کے لیے ضابطۂ اخلاق جاری کرتے ہوئے سرکاری وسائل کے استعمال پر پابندی عائد کر دی ہے۔

الیکشن کمیشن آزاد جموں و کشمیر نے واضح کیا ہے کہ عام انتخابات کے دوران ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ کمیشن شفاف، آزاد اور غیر جانبدار انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام ضروری اقدامات کر رہا ہے۔ ترجمان نے کہا کہ تمام سیاسی جماعتیں انتخابی ضابطۂ اخلاق کی پابندی کریں۔

اس حوالے سے وضاحت کی گئی ہے کہ وفاقی اور صوبائی وزرا انتخابی مہم چلا سکتے ہیں، مگر سرکاری پروٹوکول اور وسائل استعمال نہیں کر سکتے۔ سرکاری مشینری کو انتخابی مقاصد کے لیے استعمال کرنا ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی ہوگی۔

اسی طرح انتخابی مہم کے دوران نئی ترقیاتی اسکیموں یا مالی پیکجز کا اعلان ممنوع قرار دیا گیا ہے۔ عوامی مفاد کے نئے منصوبوں کے اعلانات بھی خلاف ورزی ہیں۔

الیکشن کمیشن نے وفاقی و صوبائی وزرا، امیدواروں اور سیاسی جماعتوں کو ضابطۂ اخلاق پر سختی سے عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔

مزید کہا گیا ہے کہ خلاف ورزی کی صورت میں وفاقی یا صوبائی حکومت کی جانب سے بھیجی گئی گاڑیاں، سامان اور امدادی اشیاء ضبط کر لی جائیں گی۔ ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی پر قانون کے مطابق کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

انتخابات کے حوالے سے افواہوں کو غلط ثابت کرنا ہوگا، چیف الیکشن کمشنر

دریں اثنا چیف الیکشن کمشنر آزادجموں وکشمیر جسٹس(ر) غلام مصطفٰی مغل کی زیر صدارت عام انتخابات 2026 کے انتظامات کا جائزہ اجلاس ہوا، جس میں سیکرٹری الیکشن کمیشن راجہ محمد شکیل خان، ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسران، ریٹرننگ افسران، ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے شرکت  کی۔

ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران میرپورجہانگیراحمد جرال، کوٹلی محمد ادریس بھٹی اور بھمبر حافظ سردار محمد اکرم خان نے چیف الیکشن کمشنر کو بریفنگ  دی۔ اسی طرح کمشنر میرپور ڈویژن راجہ طاہر ممتاز اور ڈی آئی جی کامران علی نے بھی انتخابات 2026 کے انتظامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

چیف الیکشن کمشنر نے انتخابات کے حوالہ سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب کا بنیادی مقصد صاف شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ قوم کا جوڈیشری، انتظامیہ اور سیکیورٹی اداروں پر اعتماد ہے۔ انتخابات کا پرامن انعقاد ہر صورت یقینی بنانا ہے۔

انہوں نے کہا کہ تمام اداروں کو مل کر انتخابات کے حوالے سے افواہوں کو غلط ثابت کرنا ہوگا۔ پولنگ کے سارے عمل کو کامیابی سے ہمکنار کرنا ہے۔ پولنگ اسٹیشن کو محفوظ بنانا سیکیورٹی اداروں کی ذمہ داری ہے۔ ووٹرز اور پولنگ عملے کو تحفظ دینا ہماری ذمہ داری ہے۔

اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مرحلہ وار انتخابات پر مختلف تحفظات سامنے آئے لیکن ایک ڈویژن کے نتائج کا دوسرے ڈویژن پر اثر انداز ہونے کا تاثر بے بنیاد ہے۔ آزاد کشمیر کے معروضی حالات ہیں ہمارے  لوگ اپنی اپنی جماعتوں سے کمیٹیڈ ہیں۔ سیکیورٹی فورسز پولنگ اسٹیشنز پر پہنچنا شروع ہو گئی ہیں۔

چیف الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہماری کوشش ہے کہ آزادکشمیر میں صاف، شفاف اور غیر جانبدارنہ انتخابات کو یقینی بنائیں۔ ہم سب نے مشترکہ کاوش سے قومی مفاد میں انتخابی عمل کو کامیاب بنانا ہے۔ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، انتظامیہ اورپولیس مکمل کوآرڈینیشن سے کام کرے۔



پی این پی

Comments (0)
Add Comment