میرپور آزادکشمی میں میرپور ڈویژن کے تین اضلاع کے 13 حلقوں میں عام انتخابات کل ہوں گے۔
اس سلسلے میں ڈی آر او آفس سے پولنگ سامان کی ترسیل شروع ہوگئی، بیلٹ پیپرز اور دیگر انتخابی سامان پریذائیڈنگ افسران کے حوالے کر دیا گیا، جس کے بعد پولنگ سامان سخت سیکیورٹی میں متعلقہ پولنگ اسٹیشنز کو روانہ کر دیا گیا۔
پریذائیڈنگ افسران نے انتخابی سامان اپنی نگرانی میں پولنگ اسٹیشنز پہنچایا، جبکہ پولنگ سامان کی ترسیل کے دوران پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے ادارے سیکیورٹی پر مامور رہے۔
تمام پولنگ اسٹیشنز تک انتخابی سامان بروقت پہنچانے کے انتظامات مکمل کر لیے گئے۔ الیکشن حکام کے مطابق پولنگ کل مقررہ وقت پر شروع ہوگی۔
آزاد، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں، جبکہ پولنگ کے عمل کو پرامن بنانے کے لیے سیکیورٹی کے مؤثر انتظامات بھی کیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج و ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر میرپور جہانگیر احمد جرال نے کہا کہ میرپور میں پولنگ میٹریل کی مرحلہ وار تقسیم کا عمل جاری ہے اور انتخابی حلقوں میں پریذائیڈنگ افسران کو پولنگ میٹریل فراہم کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولنگ اسٹیشنز کے لیے پولنگ باکسز پہنچا دیے گئے ہیں اور انتخابات کے انعقاد کے لیے تمام انتظامات مکمل کر لیے گئے ہیں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر جہانگیر احمد جرال نے کہا کہ 27 جولائی کو نتائج تیار کرکے فارم 26 پر درج کیے جائیں گے۔ انہوں نے شہریوں سے اپیل کی کہ وہ 27 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور اپنا حقِ رائے دہی استعمال کریں۔
جہانگیر احمد جرال کے مطابق ووٹ صرف اصل قومی شناختی کارڈ پر ہی کاسٹ کیا جا سکے گا اور اصل قومی شناختی کارڈ کے علاوہ کسی دوسری دستاویز پر ووٹ ڈالنے کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے سیاسی جماعتوں اور امیدواروں سے بھی کہا کہ وہ ووٹرز کو اصل قومی شناختی کارڈ ساتھ لانے کی ہدایت کریں۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے کہا کہ پرامن اور شفاف انتخابات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔ الیکشن کمیشن کے ضابطہ کار کے مطابق میرپور میں پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
جہانگیر احمد جرال کے مطابق میرپور میں مجموعی طور پر 611 پولنگ اسٹیشنز اور 1,011 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔ مرد ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 8 ہزار 898، خواتین ووٹرز کی تعداد 2 لاکھ 2 ہزار 242، جبکہ مجموعی ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 11 ہزار 140 ہے۔
ڈسٹرکٹ ریٹرننگ آفیسر نے بتایا کہ انتخابی عمل کے لیے 3 ہزار 643 اہلکار تعینات کیے گئے ہیں۔ میرپور میں 320 انتہائی حساس، 162 حساس اور 129 نارمل پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں۔
پی این پی